استقامتی محاذ کی جانب سے صہیونی فوجی اڈوں پر مسلسل حملے جاری

فلسطینی استقامتی گروہوں نے جنوبی غزہ پٹی میں واقع رفح علاقے پر صیہونی حکومت کے فوجیوں کے خلاف نئے حملوں کی خبر دی ہے۔

فاران: تحریک فتح کے فوجی بازو شہداء الاقصی بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے رفح پاس کے احاطے میں صیہونی دشمن کے فوجیوں کے جمع ہونے اور اس کے جنگی ساز و سامان رکھے جانے کی جگہ پر راکٹی حملے کئے ہیں ۔

شہداء الاقصی بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ خان یونس محور کے شمال مشرق میں دشمن کے فوجیوں کے اڈے پر بھی گولہ باری کی ہے۔

جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی آج اعلان کیا ہے کہ اس نے صیہونی دشمن کے فوجیوں اور ان کی فوجی گاڑیوں کو شمال مشرقی خان یونس میں راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

شہید القاسم بریگيڈ نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے مغربی شہر رفح میں تل السلطان کے علاقے میں دشمن کے فوجیوں پر راکٹ فائر کئے ہيں ۔

صیہونی اخبار یدیعوت احارنوت نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ پٹی میں صیہونی فوجیوں کے سنگین حملوں کے جواب میں فلسطینی استقامت کی کارروائیوں ميں اب تک کم سے کم دس ہزار صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہوچکے ہيں ۔

صیہونی میڈيا کا یہ اعتراف ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار منظرعام پر لانے کے سلسلے میں صیہونی فوج کی جانب سے شدید سنسر ہے ۔