اسرائیلی زندانوں میں 61 فلسطینی صحافی پابند سلاسل

فلسطینی کلب برائے امور اسیران نے کہا ہے کہ "قابض اسرائیلی فوج کی جیلوں میں زیر حراست فلسطینی صحافیوں کی تعداد 61 ہوگئی ہے جن میں مرد اور خواتین دونوں طرح کے صحافی شامل ہیں۔
فاران: فلسطینی کلب برائے امور اسیران نے کہا ہے کہ “قابض اسرائیلی فوج کی جیلوں میں زیر حراست فلسطینی صحافیوں کی تعداد 61 ہوگئی ہے جن میں مرد اور خواتین دونوں طرح کے صحافی شامل ہیں۔ ان میں سے 52  کو  گذشتہ سات اکتوبر کو غزہ پر جنگ مسلط کیے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔
فلسطینی کلب برائے اسیران نے پیر کے روزایک پریس بیان میں تصدیق کی ہے کہ قابض ریاست نے سات اکتوبر کے بعد 98 صحافیوں کو گرفتار کیا اور ان میں سے 52 بدستور پابند سلاسل ہیں۔ ان میں 15 انتظامی قید کی پالیسی کے تحت پابند سلاسل ہیں جب کہ  متعدد جبری گمشدگی کا شکار ہیں”۔
کلب نے کہا کہ “حراست میں لیے گئے صحافیوں میں سے کم از کم 12 پر قابض انتظامیہ اشتعال انگیزی کے الزام میں مقدمہ چلا رہی ہے”۔
قیدیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں اور وکلاء کے مطابق  صہیونی دشمن کی جیلوں میں فلسطینیوں کو قید کرنے کو ایک جنگی حربے اور انتقامی کارروائی کے طور پر استعمال کررہا ہے۔