اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی جاری، ایک درجن فلسطینی گرفتار

اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کے دوران 11 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

فاران؛ قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کے دوران 11 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ قابض فوج نے تلاشی کے دوران فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر لوٹ ماری اور توڑپھوڑ بھی کی۔

قابض فوج نے متعدد سابق اسیران کو بھی دوبارہ گرفتار کرلیا۔ مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ غرب اردن کے شمالی شہرنابلس میں تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج نے عبدالرحمان شنیور اور احمد نبھان صقر کو گرفتار کرلیا۔ قابض فوج نے ایک اور فلسطینی شہری کو بھی اسی علاقے سے حراست میں لیا ہے تاہم اس کی شناخت نہیں کی گئی۔

ادھر رام اللہ میں تلاشی کی کارروائی میں اسرائیلی فوج نے 21 سالہ عمر البرغوثی کو گرفتار کیا۔ اس کی گرفتاری الطیرہ کالونی سے عمل میں لائی گئی۔ قابض فوج کی طرف سے تلاشی کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔

غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج نے قصی راید العروج کو العروج گاؤں سے حراست میں لے لیا۔ اس کے علاوہ قابض فوج نے ابراہیم محمد جبران کو مشرقی علاقے جبل ھنذرا سے گرفتار کیا۔

قابض فوج نے بیت المقدس میں تلاشی کے دوران علی سفیان عبید، آدم شفیق عبید، ایاس حسین عبید، محمد بسام علیان اور محمد بکر مصطفیٰ کو حراست میں لے لیا۔

القدس میں عیسویہ کے مقام سے قابض فوج نے معتصم حمزہ عبید کو گرفتار کرلیا۔