اسرائیلی قابض فوج کے چھاپے، متعدد فلسطینی اغوا

اسرائیلی قابض فوج نے مغربی کنارے کے علاقے میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مار کر متعدد فلسطینیوں کو اغوا کر لیا ہے۔ 

فاران: اسرائیلی قابض فوج نے مغربی کنارے کے علاقے میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مار کر متعدد فلسطینیوں کو اغوا کر لیا ہے۔  قابض فوج نے اغوا کی یہ کارروائیاں منگل صبح کی ہیں۔  قابض فوج نے صبح سویرے چھاپے مار کر لوگوں کو اغوا کیا اور نامعلوم جگہ پر لے گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی قابض فوج نے مغربی کنارے کے علاقے جنین میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر یلغار کر دی اور اس دوران متعدد افراد کو اغوا کر کے لے گئی۔ ان اغوا کیے گئے لوگوں میں حماس کے سینئیر رہنما عطا الجبالی بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ بھی اسرائیلی قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کو اغوا کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ انہیں ان کے گھروں میں گھس کر اغوا کیا گیا ہے۔

قابض اسرائیلی فوج کی جنین کے اس پناہ گزین میں فلسطینیوں کو اٹھا لے جانے کے لیے کی گئی اس اندھا دھند چڑھائی کی وجہ سے فلسطینی نوجوانوں کے ساتھ اچھی خاصی مڈبھیڑ ہو گئی۔  تاہم اس کے باوجود قابض فوج بعض مقامی لوگوں کو اغوا کر کے لے جانے میں کامیاب ہو گئی۔   دریں اثنا قابض اسرائیلی فوج نے طوباس کے علاقے ہی میں جنین کے مغربی علاقے یاباد میں بھی ایسی ہی ایک کارروائی کی ۔ تاہم وہاں سے کسی کو اٹھا لے جانے کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔