امریکہ کی ایک اور شرمناک شکست

عراق کے وزیر دفاعی ثابت العباسی نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی فوجیوں کے مشن کے خاتمے اور اس ملک سے دو مرحلوں میں ان کے انخلا کے بارے میں عراق اور امریکہ ایک اتفاق رائے تک پہنچ گئے ہیں۔
فاران: موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا پہلا مرحلہ رواں سال شروع ہو گا جو دو ہزار پچیس تک جاری رہے گا جبکہ دوسرا مرحلہ دو ہزار چھبیس میں مکمل ہو جائے گا۔روئٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عراق اور امریکہ تقریبا چھے مہینے تک مذاکرات کرنے کے بعد امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں ایک اتفاق رائے تک پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب عراقی وزیر اعظم کے خارجہ امور کے مشیر فرہاد علاء الدین نے بھی کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کے عراق سے انخلا کے بارے میں واشنگٹن کے ساتھ ٹیکنیکل مذاکرات ختم ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ عراق میں امریکہ کے ڈھائی ہزار فوجی اور شام میں نو سو فوجی تعینات ہیں جو دونوں ملکوں کی حکومتوں اور عوام کی مخالفت اور احتجاج کے باوجود ان ملکوں سے نکلنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور انھوں نے ان دونوں ملکوں میں دہشت گردی کے کئی اقدامات انجام دیے ہیں۔