اںڈونیشین ہسپتال پر غاصب فوج کا حملہ، 8 فلسطینی شہید

غاصب صیہونی فوج نے رات کے وقت غزہ میں واقع انڈونیشین ہسپتال کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔

فاران: فلسطینی ذرائع کے مطابق غاصب صیہونی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات غزہ میں واقع انڈونیشین ہسپتال پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں آٹھ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

صیہونی فوج نے انڈونیشین ہسپتال پر توپ خانے سے گولہ باری کی۔ اس رپورٹ کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں ہسپتال کے جنریرٹر تباہ اور ہسپتال کی بجلی منقطع ہوگئی۔ رپورٹ میں کہا گيا ہے کہ انڈونیشین ہسپتال پر حملے کے نتیجے میں آٹھ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

صیہونی فوجیوں نے اس ہسپتال کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ اسے اپنے براہ راست حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس ہسپتال کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں ایک سو چالیس بیماروں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت اس میں چھ سو زیادہ بیمار موجود ہیں۔انڈونیشین ہسپتال کے سربراہ نے کہا ہے کہ غاصب اسرائيل چار گھنٹے سے ہسپتال کو اپنے حملوں کا نشانہ بنائے ہوئے ہیں اور اندیشہ ہے کہ صیہونی حکومت الشفا ہسپتال کی طرح اسے بھی خالی کرنے کے لئے کہے گی۔ انڈونیشین ہسپتال کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ابھی تک جانی اور مالی نقصان کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

غزہ میں فلسطین کے وزیر صحت نے بھی کہا ہے کہ انڈونیشین ہسپتال کے پاس صیہونی حکومت کے اسنائپروں کی تعیناتی کی وجہ سے مریضوں اور طبی عملے میں خوف و ہراس پھیل گيا ہے۔ اس کے علاوہ غزہ کے جنوب میں واقع رفح کے ایک محلے پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں اب تک گيارہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔