ایران سعودیہ نارملائزیشن مغرب کی شکست
فاران تجزیاتی ویب سائٹ: ایران سعودیہ نارملائزیشن کے اچانک اعلان نے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ دونوں ممالک میں کشیدگی سعودیہ عرب میں 2016ء میں آیت اللہ باقر النمر کی پھانسی اور ایران میں سعودی سفارت خانہ پر حملہ قرار دی جاتی ہے۔ دو سال قبل دونوں ممالک نے دوبارہ سے مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا اور چین کی ثالثی میں نارملائزیشن کا اعلان ہوگیا۔ ان مذاکرات کی پہلی خبر دو سال پہلے اخبار فنانشل ٹائمز سے سامنے آئی تھی کہ دونوں ملکوں کے اہلکار عراق کے شہر بغداد میں ملے ہیں اور اس ملاقات میں تعلقات میں بحالی پر بات چیت ہوئی ہے۔ حالانکہ شروع میں سعودی عرب نے اس خبر کی تردید کی تھی، بعد ازاں محمد بن سلمان نے اعلان کیا کہ وہ ایران سے اچھے تعلقات کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کے الفاظ نے کئی حلقوں کو حیران کیا، کیونکہ انہوں نے 5 سال قبل کہا تھا کہ ایران کے آیت اللہ علی خامنہ ای کو “دیکھ کر ہٹلر بھی اچھا آدمی معلوم ہوتا ہے۔” لیکن ایسا یوٹرن کیسے ممکن ہوا۔؟ ایسی کیا وجوہات ہیں، جن کی بنا پر برسوں کے دشمن براہ راست بات چیت کے لیے تیار ہوگئے؟ جہاں دیگر کئی وجوہات ہیں، وہاں ایک وجہ سعودی سرمایہ داری بھی ہے۔ سعودی عرب ایران کے خلاف سالانہ بھاری فنڈنگ بھی کر رہا تھا اور کسی صورت ایران سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔عسکری بجٹ کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے سپری کے مطابق سنہ 2020ء میں یہ بجٹ 57000 ملین ڈالر سے تجاوز کر گیا تھا۔ جو کہ دنیا کے اس سیکٹر میں خرچ کا 2.9 فیصد بنتا ہے۔ سعودی عرب کے عسکری شعبے میں اتنی بڑی سرمایہ کاری وہ تمام وسائل کھا جاتی ہے، جو بن سلمان کے جدید سعودی عرب کے معاشی منصوبے میں کہیں استعمال کی جا سکتی تھی۔
ایران سے نارملائزیشن کے بعد اب یہ رقم جدید سعودیہ عرب کے منصوبہ پر لگائی جائے گی۔ ایران کو بھی ان مذاکرات کا بڑے پیمانے پر فائدہ ہوا ہے۔ پہلے روز ہی کرنسی کی ویلیو 6 فیصد بڑھی۔ سعودی عرب نے اعتماد بڑھاتے ہوئے اسرائیل کے ایک وفد کو ویزہ دینے سے انکار کیا، اسی باعث اسرائیل کی چیخیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔ اس نارملائزیشن کو سعودیہ عرب کی طرف سے تمام اختلافات نہ ختم کرنے کا عندیہ بھی دیا جا رہا ہے، مگر ساتھ ساتھ سفارتی تعلقات کو ہر سطح پر بحال بھی کیا جارہا ہے۔ ایران کے شہر مشہد کی پرواز بھی ریاض سے اڑان بھرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان تمام اقدامات کے گہرے اثرات نہ صرف ان دو ممالک پر بلکہ عالم اسلام پر بھی پڑیں گے۔
ایران نے سعودیہ عرب کے مثبت رویہ کے بعد مصر، بحرین اور اردن سے تعلقات بحال کرنے کی کوششیں بھی تیز کر دی ہیں۔ دوسری جانب ایران کے علاوہ جن ممالک پر امریکی پابندیاں عائد ہیں، ایرانی رہنماوں نے انہیں اعتماد میں لیکر ایک الگ بلاک بنانے کا بھی عندیہ دیا ہے، تاکہ عالمی سامراج امریکہ کو مزید کمزور کیا جاسکے اور خطے میں امریکی اثر و رسوخ سمیت امریکی مفادات کو نقصان پہنچایا جاسکے۔ ایران سمیت تمام امریکی پابندیوں سے متاثرہ ممالک اپنے مسائل کا حل امریکی تسلط کے خاتمہ کو قرار دیتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اس تمام تر صورتحال میں پاکستان کہاں کھڑا ہے؟ ایران نے گذشتہ روز گوادر کو بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، مگر گیس پائپ لائن کا منصوبہ کامیاب ہوگا۔؟ ہمیں شاید ڈر ہے کہ امریکی ایڈ ملتی ہے، کہیں وہ رک نہ جائے۔ اس لیے پاکستان کہاں کھڑا ہے، یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا، تاہم دنیا کے ساتھ اپنے مفادات اور ترجیحات کو بدلنا ہوگا، کیونکہ اب دنیا مختلف ہوچکی ہے۔
چیلنجز کی نوعیت بھی بدل رہی ہے، چھوٹے ممالک کی خوش قسمتی بھی ہے کہ امریکہ سول سپرپاور نہیں ہے، اس کے لئے بڑی طاقتیں آگے آرہی ہیں۔ نیا ورلڈ آرڈر پرانے سے مختلف نظر آرہا ہے۔ روس ایک بڑے پلیئر کے طور پر سامنے آرہا ہے، ایران اور روس طاقت بن کر آرہے ہیں، چین نے بھی بین الاقوامی کردار بنا لیا ہے۔ جو ممالک امریکہ کے ساتھ نتھی تھے، اب اس کے ساتھ منسلک نہیں ہیں، نئے ورلڈ میں امریکہ بے معنی نہیں ہوگا، ہاں البتہ امریکہ سول سپر نہیں رہے گا۔ ایران اور سعودی عرب کے مذاکرات امت مسلمہ کے مابین اتحاد و وحدت کا سنگ میل طے کریں گے۔ ایران سعودیہ اتحاد نے مغربی اثر و رسوخ کے تابوت میں کیل ٹھونک دیا ہے۔ ان شاء اللہ مشرق وسطیٰ میں یہ سرد جنگ ختم ہوگی اور امریکی مفادات کا قبرستان بنے گا۔
تبصرہ کریں