ایران کا خوف نیتن یاہو کا پیچھا کرتے ہوئے
فاران: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 78واں اجلاس 18 ستمبر بروز پیر سے نیویارک میں شروع ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں دنیا بھر سے 140 سے زیادہ رہنماء اور ریاستی نماٸندے شرکت کر رہے ہیں۔ مساٸل اور مشکلات کے بھنور میں پھنسی دنیا کے مختلف ممالک اپنے اپنے اہداف کے ساتھ اس اجلاس میں موجود ہوں گے۔ اس اجلاس میں یوکرین جنگ کے حل اور اس سے جڑے مساٸل کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔ تاہم ترقی پذیر ممالک بھی اپنے 17 اہداف کے ساتھ اس میدان کارزار میں اپنی کمریں کس کر بیٹھے ہوں گے۔ یہ الگ بات کہ ان کی اس اجلاس میں موجودگی عام طور پر نشستن، گفتن اور برخاستن تک ہی محدود رہے گی۔
البتہ اجلاس کو گرما گرم بنانے کے لیے اسراٸیل اور ایران کے سربراہان اس فورم پر ضرور موجود ہوں گے۔ جب سے اسراٸیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف ان کے اپنے ہی ملک میں ان کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے ہیں، یہ امریکہ کا ان کا پہلا دورہ ہے۔ اس دورے میں وہ صدر جوباٸیڈن سے بھی ملاقات کریں گے۔ نیتن یاہو نے اتوار کی رات کو اپنے ایک ہفتے کے سٹیٹ وزٹ پر امریکہ پہنچنا تھا۔ بدھ کے روز وہ امریکی صدر سے ملیں گے اور جمعے کے روز وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اپنے اس دورے میں وہ یوکرین کی جنگ کے بعد پہلی دفعہ یوکرین کے صدر ویلنسکی اور سات سال بعد پہلی بار ترکی کے صدر اوردگان سے ملاقات کریں گے۔ ان کے خطاب کے دوران اسراٸیل میں ان کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا مظاہرہ کیا جائے گا۔
وہاٸٹ ہاٶس کے باہر بھی مختلف تنظیمیں ان کے خلاف ایک بڑے مظاہرے کا اہتمام کر رہی ہیں۔ صدر باٸیڈن سے ملاقات میں وہ اسراٸیل اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کی استواری پر بات کریں گے اور ایرانی خطرے سے خاص طور پر صدر امریکہ کو آگاہ کریں گے۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی وہ حسب روایت ایران کے بڑھتے ہوئے خطرے پر واویلا مچاٸیں گے۔ ایران کے خطرے کا بھوت تو اب ان کے سر پر اس قدر سوار ہے کہ وہ اپنے سفرِ امریکہ سے پہلے یہ انکشاف کرچکے ہیں کہ اسراٸیل میں ان کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں ایران کا ہاتھ ہے۔ گویا ایران سے نفسیاتی جنگ میں وہ اب بری طرح شکست کھا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا یہ اجلاس یقیناً افق عالم پر طلوع ہونے والے نئے منظر نامے کا عکاس ہوگا۔
تبصرہ کریں