ایک رات میں صہیونیوں کے دس اہداف پر فلسطینی جوانوں کے حملے
فاران: اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ رات کے دوران اسرائیلی فوج اور قابض صہیونی ریاست کے متعدد اہداف پر حملے کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق القدس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی ریاست کے خلاف 10 حملے کیے گئے۔
عبرانی نیوز ویب سائٹ ’0404‘ کے مطابق گذشتہ شب فلسطینی علاقوں میں صہیونیوں پر کم سے کم دس حملے کیے گئے۔
غرب اردن کے جنوبی شہربیت لحم کے علاقے بیت فجار میں قائم ’مگدال عوز‘ یہودی کالونی میں تین پٹرول بم پھینکے گئے جس کے نتیجے میں متعدد صہیونی زخمی ہوئے۔
عبرانی ویب سائٹ کے مطابق پٹرول بموں کے حملوں کے نتیجے میں صہیونیوں کو مادی نقصان پہنچایا گیا۔
ادھر مسجد اقصیٰ کے جنوب میں سلوان کے مقام پر پٹرول بم حملے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہو گیا جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بیت المقدس میں وادی الجوز کے قریب فلسطینیوں نے یہودی آباد کاروں پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد صہیونی زخمی ہوگئے۔
تبصرہ کریں