ترکی میں فلسطین کی حمایت میں اجلاس، 50 تنظیموں کا اسرائیل سے نارملائزیشن روکنے کا مطالبہ

ترکی کے شہر استنبول میں 28 ممالک کے 50 اسلامی اداروں اور تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت کے ساتھ تین روز تک منعقد ہونے والے "القدس  اور فلسطین کی حمایت میں علماء کے اداروں کے فورم" کےموقعے پر اعلامیہ جاری کیا۔

فاران:  ترکی میں کل سوموار کو50 اسلامی اداروں کے ایک فورم نے عرب حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی ریاست کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کا سلسلہ بند کریں اور اسرائیل کی طرف جھکاؤ کی پالیسی پرعمل درآمد نہ کریں۔

ترکی کے شہر استنبول میں 28 ممالک کے 50 اسلامی اداروں اور تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت کے ساتھ تین روز تک منعقد ہونے والے “القدس  اور فلسطین کی حمایت میں علماء کے اداروں کے فورم” کےموقعے پر اعلامیہ جاری کیا۔ اعلامیے میں ان پچاس اداروں نے عرب اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کی کوششیں بند کریں۔

انہوں نے اسرائیل کے ساتھ  معاہدوں اور فوجی اور سیاسی اتحاد کو ختم کرنے کے لیے جلد اقدامات پر زور دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عرب اور مسلمان ممالک کا فلسطین کی مقدس سرزمین پر یہودیوں کی ناجائز ریاست کے ساتھ تعلقات قائم کرنا اور اس کے ساتھ فوجی معاہدے اور اتحاد قائم کرنا  اللہ ،اس کے رسول اور پوری مسلم امہ کے ساتھ خیانت  ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پوری قوم بالخصوص علما اللہ تعالیٰ کے بعد فلسطین کے بہادر عوام سے امید کرتے ہیں کہ وہ اپنی آزادی کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ پوری مسلم امہ اور علما فلسطینیوں کے تمام دیرینہ حقوق کی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علماء اور ملت اسلامیہ سیف القدس کی جنگ میں فلسطینیوں کی طرف سے کی گئی بہادرانہ مزاحمت کےساتھ  ہیں۔ یہ معرکہ گذشتہ مئی میں غزہ پر برپا ہوا جس میں قابض دشمن کو طاقت کے استعمال کے باوجود شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔