ترک صدر کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا عندیہ
فاران: عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سربیا کے صدر الیگزینڈر ووجچ ترکی کے دورے پر پہنچے جہاں ان کے ہم منصب نے پُرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دوران ملاقات درجنوں معاہدے بھی طے پائے۔ ملاقات کے بعد ترک صدر طیب اردوغان اور سربیا کے صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ایک سوال کے جواب میں ترک صدر نے انکشاف کیا کہ اس وقت اسرائیلی صدر ہرزوگ کے ساتھ ہمارے مذاکرات جاری ہیں اور عین ممکن ہے کہ وہ ترکی کا دورہ کریں۔ ترک صدر نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ بھی ترکی کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاملے پر مثبت موقف رکھتے ہیں اور ترکی کا ہدف بھی مثبت سوچ کے ساتھ کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا ہے۔
اس موقع پر صدر اردوغان نے یہ بھی کہا کہ بحیثیت سیاستدان ہم لڑائی جھگڑے نہیں بلکہ امن کا رجحان رکھتے ہیں۔ اگر خطے میں قیام امن کے لیے ’’پیٹرول‘‘ وسیلہ بن سکتا ہے تو ہم اسے استعمال کرینگے۔ تاہم انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر پیٹرول امن کا وسیلہ نہیں بنتا تو ہر ملک اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں، سب کی اپنی ترجیح ہوتی ہے لیکن یہ بھی بتا دیں کہ ہم نے ڈرلنگ اور بحری جہاز بے وجہ نہیں خریدے۔
تبصرہ کریں