جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر بننے والی فلم اور ہمارا رد عمل

آیت اللہ مکارم شیرازی نے واضح طور پر فرمایا کہ سب کے سامنے اعلان کردیں کہ جو لوگ تفرقہ آمیز فلم یا پروگرام بنانا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں۔

فاران تجزیاتی ویب سائٹ: گزشتہ سے پیوستہ

جب ہم دوست و دشمن کو پہچان لیں گے تو یہ بھی سمجھ لیں گے وہ لوگ جنہوں نے ابھی حال میں بی بی زہرا سلام اللہ علیہا پر فلم بنائی ہے اور اسکی خوب تشہیر بھی ہو رہی ہے موجودہ دور میں ہمارا کام کر رہے ہیں یا دشمن کے خیمے سے دوستوں کی طرف تیر چلا رہے ہیں ،یہ وہ فلم ہے جس میں بی بی زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کو دکھانے کے بہانے ایک خطرناک سناریو پر عمل درآمد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جیسا کہ اس فلم کے بنانے والوں نے بیان کیا ہے اگر انکی بات کو تسلیم کیا جائے تو انکا فلم کے سلسلہ سے کہنا ہے کہ : اس فلم کو مغرب کے مشہور اور بہترین افراد تیار کیا ہے اور اس میں حضرت زہرا علیہا السلام کی زندگی کو بیان کریںگے خاص طور پر پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی رحلت کے بعد کے حالات کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔ دنیا کے لوگ پہلی مرتبہ اس فلم میں دیکھیں گے کہ خلیفہ اول اور انکے ساتھی کس طرح حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام کے گھر پر حملہ کرتے ہیں اور ان کی بے احترامی کرتے ہیں اس فلم کے ذریعہ بی بی دوعالم پر ہونے والے مظالم کو دکھانے کے بہانے ایک بڑے فتنے کو رقم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ایسے میں مراجع کرام و بزرگ علماء نے ہمیشہ کی طرح قوم کی رہنمائی کرتے ہوئے واضح الفاظ میں اس فلم کی مذمت کی ہے چنانچہ جب ان سے سوال ہوا کہ “اس فلم کا پروپیگنڈہ اور اس کو بنانے کے لئے دنیا کے مختلف لوگوں سے مدد حاصل کرنے کی کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس طرح کی فلموں کی حمایت، تبلیغ اور ایسی فلموں کو دیکھنے کے متعلق شرعی حکم کیا ہے ؟ تو آیت اللہ مکارم حفظہ اللہ نے جواب دیا :
“یقینا اس طرح کی فلم کو بنانے،نشر کرنے اور دیکھنے والے افراد گناہ کبیرہ کے مرتکب ہوں گے ، خاص طور پر موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ اس وقت مسلمانوں کے درمیان ہر طرح کا اختلاف دشمنان اسلام کی کامیابی کا سبب ہے ، اس طرح کے کاموں کی بہت ہی سنگین شرعی ذمہ داری ہے اور احتمال قوی ہے کہ (اس فلم کو بنانے میں) دشمنان اسلام کا ہاتھ شامل ہے اور انہوں نے ہی یہ پروگرام بنایا ہے اور خدانخواستہ اس سلسلہ سے کسی کا خون بہایا گیا تو جن لوگوں نے مدد کی ہے وہ سب اس میں شریک ہیں ۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے واضح طور پر فرمایا کہ : سب کے سامنے اعلان کردیں کہ جو لوگ تفرقہ آمیز فلم یا پروگرام بنانا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں ، افسوس کی بات ہے کہ یہ لوگ محبین اہل بیت (علیہم السلام) خصوصا حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام کے چاہنے والوں سے سوء استفادہ کررہے ہیں اور اس طرح کی فلموں سے جو پیغام اخذ ہوگا وہ اسلام اور شیعہ اہل بیت علیہم السلام کا پیغام نہیں ہوگا ۔ آیت اللہ مکارم شیرازی جیسی عظیم شخصیت کی جانب سے اس طرح کے واضح پیغام کے بعد ہم سب کو سمجھ لینا چاہیے کہ ہماری ذمہ داری کیا ہے انشاء اللہ ہمیشہ کی طرح ہم اپنے مراجع کرام کے بتائے ہوئے خطوط پر آگے بڑھتے ہوئے ایک بار پھر اپنے دشمن کو اسکے منحوس عزائم میں ناکام بنا دیں گے ۔