ذرہ برابر غلطی کرنے کی صورت میں صہیونی دشمن کے ہاتھ کاٹ دیں گے: جنرل سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کے ہاتھ کاٹ دیئے جائیں گے۔

فاران: جمعے کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی مشترکہ فوجی مشقوں کے معائنے کے بعد جنرل حسین سلامی نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ حقیقی آپریشن اور مشقوں کے درمیان صرف زاویوں کی تبدیلی کا فرق ہے۔ انہوں نے پیامبراعظم(ص) فوجی مشقوں خاص طور سے میزائل فائر کئے جانے کی مشقوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت زبان سنبھال کر بات کرے اور اپنے دماغ ٹھکانے رکھے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ یہ مشقیں صہیونی حکام کے لیے ٹھوس اور حقیقی پیغام کی حامل ہیں کہ اگر انہوں نے ذرہ برابر غلطی کی تو ان کے ہاتھ کاٹ دیئے جائیں گے۔

دوسری جانب صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئر اسپیس فورس کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادے نے بیلسٹک میزائلوں کے کامیاب تجربے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پیامبراعظم فوجی مشقوں کے دوران میزائلوں اور ڈرون طیاروں کا بھی استعمال کیا گیا اور ہم نے دیکھا کہ ہمارے میزائلوں اور بمبار ڈرون طیاروں نے اپنے اہداف کو ٹھیک طرح سے نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کی پیامبراعظم17 فوجی مشقیں، پیر سے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے وسیع علاقے میں شروع ہوئی تھیں۔