صیہونیوں کے ساتھ جھڑپوں میں 135 فلسطینی زخمی

فلسطینی ہلال احمر کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ہفتے کے روز نابلس میں صیہونی عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران کم از کم 135 فلسطینی زخمی ہوئے۔

فاران: فلسطینی طبی ذرائع نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور صیہونی مجرم پیشہ وروں کے درمیان حالیہ جھڑپوں میں فلسطینی زخمیوں کی تعداد میں اضافے کی اطلاع دی ہے۔
فلسطینی ہلال احمر کمیٹی نے اتوار کی صبح اعلان کیا کہ ہفتے کے روز نابلس میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں کم از کم 135 فلسطینی زخمی ہوئے ۔
اسپوٹنک خبر رساں ایجنسی نے تنظیم کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں نابلس شہر کے قریب جھڑپوں کے دوران پانچ افراد کو گولی مار دی گئی اور 35 افراد کو ربڑ کی گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، اور 95 افراد آنسو گیس کے استعمال سے زخمی ہوئے۔
نابلس کا برقہ قصبہ کل سے صیہونی آباد کاروں کے جاری حملوں اور علاقے میں فلسطینیوں کی املاک کی وسیع پیمانے پر تباہی کے خلاف فلسطینیوں کے احتجاج کا مرکز بنا ہوا ہے۔
برقہ علاقے کے درجنوں نوجوانوں نے اپنے قصبے کے مکینوں کی حمایت میں صہیونی آبادکاروں کے خلاف مزاحمت کا اظہار کیا ہے۔