عالمی ادارے گرفتار طبی کارکنوں کا پتا چلانے میں مدد کریں: وزارت صحت

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قابض صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی میں تین اجتماعی قتل عام کیے ہیں۔
فاران: فلسطینی وزارت صحت نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران گرفتار کیےگئے درجنوں طبی کارکنوں جن میں ڈکٹر اور نرسز شامل ہیں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں مدد کریں، تاکہ ان کے اہل خانہ کو ان کے بارے میں درست معلومات مل سکیں۔
دوسری جانب وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قابض صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی میں تین اجتماعی قتل عام کیے ہیں۔
وزارت صحت نے ہفتے کے روز ایک پریس بیان میں کہا کہ پیرامیڈیک حمدان ابو عنابہ کو قابض فوج کے حراستی مراکز کے اندر شہید کیا گیا ہے۔انہیں اور ان کے ساتھیوں کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ دسمبر2023ء میں نیٹزارم چوکی کے ذریعے زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے کام کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں موصول ہونے والی معلومات کے مطابق پیرامیڈک خان یونس میں ناصر  میڈیکل کمپلیکس کا ملازم تھا۔ اسے گرفتاری کے روز ہی تشدد کرکے شہید کردیا تھا تھا۔
وزارت صحت نے تمام بین الاقوامی اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان درجنوں صحت کے اہلکاروں کے بارے میں معلومات کے حصول میں مدد کریں جنہیں قابض صہیونی فوج نے ہسپتالوں حملوں کے دوران حراست میں لے لیا تھا۔
دوسری جانب وزارت صحت نے ایک الگ بیان میں کہا ہے کہ قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں خاندانوں کے خلاف تین قتل عام کیے جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 فلسطینی شہید اور 96 زخمی ہوئے۔
وزارت صحت کے اعداد و شمارکے مطابق سات اکتوبر 2023ء سے غزہ پر جاری نسل کشی کی جنگ میں شہادتوں کی تعداد 41,118 ہوگئی ہے  جب کہ 95,125 زخمی ہیں۔