عرب ممالک نے قبلہ اول غاصبوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا: اسلامی جہاد
فاران؛ مسجد اقصیٰ میں آتش زدگی کے سانحے کے 52 سال پورے ہونے کی مناسبت سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ مسجد اقصیٰ پر کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے اور نہ مسجد اقصیٰ کے معاملے کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔
اسلامی جہاد نے عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قبلہ اول صہیونی ریاست کے اقدامات اورفیصلوں سے کہیں زیادہ بلند تر اور مقدس ہے۔ مسجد اقصیٰ کی نگرانی اور سرپرستی صرف فلسطینی اور اسلامی اوقاف کی ذمہ داری ہے اور اسرائیلی دشمن ریاست ریاست مسجد اقصیٰ کے حوالےسے کسی قسم کے اقدامات کی مجاز نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن عرب ممالک کو قبلہ اول کے دفاع کے لیے اپنے وسائل مسخر کرنا تھے،بد قسمتی سے وہ غاصب ریاست کے ساتھ دوستی کے ہاتھ بڑھا رہے ہیں۔ یہ ممالک قبلہ اول کے دفاع میں غفلت کے ذمہ دار اور مسجد اقصیٰ کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کے ذمہ دار ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت بیت المقدس کے نہتے فلسطینی قبلہ اول کے دفاع کے لیے آہنی دیوار بن کر کھڑے ہیں اور عرب ممالک القدس کے باشندوں کی نصرت اور مدد کے بجائے ظالم اور قابض ریاست کی مدد کررہے ہیں۔
اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ قبلہ اول کا دفاع صرف فلسطینی قوم کا نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا اور عرب اقوام کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ عرب ممالک قبلہ اول کے دفاع کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور انہیں پوری کرنےکی کوشش کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ اس وقت یہودی انتہا پسندوں کے نرغے میں ہے اور آئے روز یہودی شرپسند قبلہ اول کی بے حرمتی کے مرتکب ہوتے ہیں۔
تبصرہ کریں