غاصب اسرائیل اپنی حرکتوں سے باز آنے والا نہیں
صیہونی فوج نے ایک بار پھر غزہ پر اپنی وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے درجنوں فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
فاران: پریس ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور کل رات سے ابتک تقریبا ساٹھ فلسطینی عام شہری شہید ہو چکے ہیں ۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے خلاف جاری وحشیانہ صیہونی جارحیت میں صیہونی فوجیوں نے ٹینکوں کے ذریعے شہر رفح میں المواصی کے علاقے میں ایک رہائشی مکان پر حملہ کیا جس میں پانچ فلسطینی شہید ہو گئے۔غزہ کے مرکز میں النصیرات کیمپ میں ایک مکان پر بمباری میں آٹھ فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے صیہونی فوج نے غزہ کے ایک مرکزی اسکول پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں چودہ افراد شہید ہوگئے، اس اسکول کو ایک پناہ گزین کیمپ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
غزہ میں سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے بتایا ہے کہ وسطی غزہ کے النصیرات میں پہلے بھی متعدد بار حملوں کا نشانہ بننے والے الجونی اسکول پر دوبارہ حملہ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ شہدا کی تعداد چودہ ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الجونی اسکول پر صیہونی بمباری میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ امدادی عملے نے جائے وقوعہ سے پانچ لاشیں نکالیں اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا، طوباس کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا اور اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو مغربی کنارے کے شمالی سرے پر اردن کی سرحد کے قریب شہر سے گزرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
غاصب صیہونی فوج نے النصیرات کیمپ میں بیسویں روڈ پر بھی ایک فلسطینی کے مکان کو جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں دو فلسطینی شہید اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔ صیہونی فوج نے غزہ کے شمال میں جبالیا کیمپ میں الفالوجہ کے علاقے میں بھی ایک مکان پر بمباری کی۔ المیادین کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور کل رات سے ابتک تقریبا ساٹھ فلسطینی عام شہری شہید ہو چکے ہیں۔
تبصرہ کریں