غرب اردن میں صہیونی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی شہید

فلسطین ٹی وی نے ایک فوٹیج دکھائی جس میں فوجی گاڑی نے وقوعے کے علاقے تک ایک ایمبولینس سمیت ہر طرح کی ٹریفک روک رکھی ہے جبکہ فوجی معائنے میں مصروف نظر آ رہے تھے۔

فاران: اسرائیلی فوج نے منگل کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں تین فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ صہیونی فوج کے مطابق جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینیوں نے ایک گاڑی سے اسرائیلی فورسز پر فائرنگ کی تھی۔

فلسطین ٹی وی نے ایک فوٹیج دکھائی جس میں فوجی گاڑی نے وقوعے کے علاقے تک ایک ایمبولینس سمیت ہر طرح کی ٹریفک روک رکھی ہے جبکہ فوجی معائنے میں مصروف نظر آ رہے تھے۔

فوجی بیان کے مطابق اسرائیلی سپاہیوں نے مارے جانے والے فلسطینیوں کی کار سے تین M-16 رائفلیں، ایک بندوق، کارتوس اور دیگر فوجی سامان برآمد کیا۔

مغربی کنارے میں شروع ہونے والے تشدد میں یہ تازہ ترین شہادتیں ہیں۔ گذشتہ سال کے اوائل سے، اس علاقے میں فلسطینیوں کے اسرائیلی اہداف پر حملوں کے ساتھ ساتھ، فلسطینی برادری کے خلاف اسرائیلی آباد کاروں کا تشدد بھی دیکھا گیا ہے۔

ایک سال سے زیادہ عرصے سے مغربی کنارے میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے، جس میں اسرائیل کے بڑھتے ہوئے چھاپے، سڑکوں پر فلسطینیوں کے حملے، اور فلسطینی دیہاتوں میں آباد کاروں کے ہنگامے شامل ہیں۔ نابلس اور قریب واقع مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں خاص طور پر شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔