غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام کی عالمی سطح پر شدید مذمت
فاران: وسطی غزہ شہر کے الدرج محلے میں ہفتے کی صبح بے گھر افراد سے بھرے التابعین اسکول پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری اور اس کے نتیجے میں ہونے والے ہولناک قتل عام کی عالمی سطح پر سخت الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کی بربریت میں ہفتے کے روز التابعین […]
فاران: وسطی غزہ شہر کے الدرج محلے میں ہفتے کی صبح بے گھر افراد سے بھرے التابعین اسکول پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری اور اس کے نتیجے میں ہونے والے ہولناک قتل عام کی عالمی سطح پر سخت الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج کی بربریت میں ہفتے کے روز التابعین اسکول میں ایک سو سے زاید فلسطینی شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے تھے۔
التابعین اسکول پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے بعد اقوام متحدہ، مصر، سعودی عرب، قطر، ترکیہ، پاکستان، لبنان، عراق، شام ، ایران ، اردن ، جامعہ الازھر اور کئی دوسرے ممالک اور اداروں نے نہتے فلسطینی شہریوں کے ہولناک قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مسلمان ممالک اور دوسرے ملکوں کی طرف سے جاری کردہ مذمتی بیانات میں اسرائیلی ریاست کے جرائم کا سلسلہ بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی طرف سے پریس کو جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح غزہ میں نہتے فلسطینی شہریوں کا قتل عام صہیونی فاشسٹ ریاست کے مسلسل جنگی جرائم کا تازہ جرم ہے اور صہیونی دشمن کو اس جرم اور قتل عام کا حساب دینا ہوگا۔
مصر کی طرف سے جاری ایک مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریاست بار بار فلسطینیوں کا قتل عام کررہی ہے۔ عالمی برادری اسرائیلی ریاست کو بین الاقوامی قوانین کا پابند کرانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ بے گناہ شہریوں کا قتل عام کسی بھی صورت میں ناقابل قبول ہے۔
مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر کہا کہ وہ غزہ میں التابعین اسکول پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتی ہے۔ یہ حملہ کہ غدارانہ مجرمانہ فعل ہے جس میں فجر کی نماز کے دوران شہریوں کو نشانہ بنایا۔ اس جرم کی وحشت اور بربریت ناقابل بیان ہے۔
جامعہ الازھر نے دُنیا کے تمام آزاد اور زندہ ضمیر لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس دہشت گرد ریاست پر فلسطینیوں کے خلاف جرائم اور نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہیں۔
اردن نے التابعین اسکول پر اسرائیلی بمباری کو ایک وحشیانہ حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق قطر نے غزہ کی پٹی میں ایک اسکول پر اسرائیلی قابض دشمن کی بمباری کی شدید مذمت کی اور اس وحشیانہ جرم کی عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ مملکت اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے غزہ کے مشرق میں بے گھر ہونے والے افراد کو پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہونے والے التابعین اسکول کو نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
تبصرہ کریں