غزہ پر اسرائیلی بربریت میں مزید 50 فلسطینی شہید، 150 زخمی

فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں خاندانوں کے خلاف 3 قتل عام کیے جن میں مزید 50 فلسطینی شہید اور 130 زخمیوں کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔

فاران: فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں خاندانوں کے خلاف 3 قتل عام کیے جن میں مزید 50 فلسطینی شہید اور 130 زخمیوں کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔

اپنی روزانہ کی اپ ڈیٹ میں وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ گذشتہ سات اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت میں 38,243 فلسطینی شہید اور 88,033 زخمی ہوئے ہیں۔

اس نے کہا کہ ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر اب بھی متعدد زخمی  موجود ہیں اور ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکتا۔

خیال رہے کہ گذشتہ 7 اکتوبر سے “اسرائیلی” قابض افواج غزہ کی پٹی پر تباہ کن جنگ کیے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار معصوم شہری شہید، زخمی اور لاپتہ ہونے کے علاوہ 20 لاکھ افراد بے گھرہوچکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کا 70 فیصد سے زیادہ تباہ ہوچکا ہے اور غزہ کی سخت ناکہ بندی اور مسلسل جنگ کے نتیجے میں گنجان آباد علاقہ قحط کی لپیٹ میں ہے۔

ادویات، پانی اور خوراک کی قلت کے باعث آئے روز بچوں اور دیگرشہریوں کی اموات کی خبریں آ رہی ہیں۔ دوسری جانب غاصب صہیونی دشمن ریاست نے جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام بنا دی ہیں اور وہ غزہ میں فلسطینیوں کی منظم اور مسلسل نسل کشی پر پوری ڈھٹائی کے ساتھ قائم ہے۔