‘فاران’ صارفین کی نگاہ میں (۱)

فاران سے ہمیں بہت سی امیدیں ہیں ۔ موجودہ عہد میں ہم میڈیا کی ضرورت اور اس کے اثر کو فراموش نہیں کرسکتے ۔ میڈیا کا ہونا آپ کی طاقت میں اضافہ کا سبب ہے ۔

اردو ادب اور صحافت کی دنیا سے جڑے ہوئے سرزمین لکھنو کے نامور صحافی جناب عادل فراز کی نگاہ میں فاران:

سلام علیکم و رحمۃ اللہ
’فاران ‘ گذشتہ چند ماہ سے زیر نظر ہے ۔ یوں تو درجنوں ایسی ویب سائٹس ہیں جن پر خبروں اور مقالات کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے، لیکن عموما اردو کی سائٹس عالمی یا علاقائی ایجنسیوں سے خبروں کو نقل کرتی ہیں، جن میں پروپیگنڈہ یا پیڈ نیوز کی گنجائش بڑھ جاتی ہیں ۔ کچھ ویب سائٹس ایسی ہیں جو تحقیق کو ترجیح دیتی ہیں ورنہ زیادہ تر نیوز سائٹس کا یہ حال ہے کہ وہ نقل بدون عقل کی شکار ہیں ۔ ہندوستان کی ویب سائٹس اور اخبارات کا تو یہ حال ہے کہ پروپیگنڈہ اور پیڈ نیوز کی بھرمار ہے ۔ اردو کی ایک دو نیوز ایجنیساں ہیں بھی تو وہ بھی سرکاری یا نیم سرکاری ہیں ،جن کو آزادی اظہار حاصل نہیں ہے ۔ ایرانی سایٹس کی خبریں عالمی صورتحال کی معلومات کے لیے اہم ہوتی ہیں ،البتہ وہاں بھی بہت مسائل ہیں جو قابل ذکر نہیں ہیں ۔
’فاران ‘ پہلی ایسی سایٹ ہے (جہاں تک میری نظر ہے) جو تجزیئے اور تحلیل کو زیادہ اہمیت دیتی ہے ۔اس کی زیادہ تر خبریں فقط انفارمیشن کی منتقلی کا ذریعہ نہیں ہیں بلکہ خبروں میں بھی تحلیلی نگاہ موجود رہتی ہے ۔ ’فاران ‘ پر نشر ہونے والے مقالات اس کی روح ہیں ۔ عالمی حالات کو سمجھنے کے لیے ان مقالات کو بہترین مآخذ قرار دیا جا سکتا ہے ۔ میں شکر گزار ہوں برادر محترم مولانا زیدی صاحب کا کہ جن کے توسط سے مجھے ’فاران ‘ سے آشنائی ہوئی اور میری ناقص تحریریں بھی اس پر جگہ پا رہی ہیں ۔ کوشش کرتا ہوں کہ روزانہ اردو کی چند ویب سایٹس ضرور دیکھوں ،جن میں فاران بھی شامل رہتی ہے ۔ کسی ایک مسئلے یا صورتحال سے باخبری کے لیے مختلف معتبر و مستند سائٹس کا دیکھنا نہایت ضروری ہے تاکہ حقیقت تک رسائی ممکن ہوسکے ۔ فاران کی خبریں اور مقالات اعتبار کی حامل ہیں جن کی بنیاد پر انسان موجودہ صورتحال کو سمجھنے کے لیے اپنا نظریہ قائم کرسکتا ہے ۔
ایک برادرانہ مشورہ بھی ہے فاران کی محترم ٹیم کے لیے کہ جو خبروں یا مقالات کا اشتہار وہ سوشل میڈیا پر نشر کرتے ہیں ،بسا اوقات ان کی سرخیوں میں فاش املا کی غلطیاں رہ جاتی ہیں جو ایسی معتبر سائٹ کی اہمیت کو متاثر کرسکتی ہیں ۔ اس لیے ان بینرز اور پوسٹر یا خبروں و مقالات کو شئیر کرنے سے پہلے ایک نظر دیکھنا نہایت ضروری ہے ۔۔۔ معذرت کے ساتھ ۔۔
فاران سے ہمیں بہت سی امیدیں ہیں ۔ موجودہ عہد میں ہم میڈیا کی ضرورت اور اس کے اثر کو فراموش نہیں کرسکتے ۔ میڈیا کا ہونا آپ کی طاقت میں اضافہ کا سبب ہے ۔ استعماری نظام کو دو بہ دو جواب دینےاور اپنی نسلوں کو باخبر رکھنے کے لیے میڈیا سب سے موثر ہتھیار ہے ۔پروردگار عالم بحق محمد وا ٓل محمد آپ سب لوگوں کو محفوظ رکھے اور یوں ہی خدمت دین کی توفیق مرحمت فرماتا رہے ۔۔ آمین ۔۔
والسلام
عادل فراز
مدیر ھفت روزہ دائرہ ادب لکھنؤ