فلسطینی طاقت اور اس کی مقاومت اور مزاحمت کا محور کہاں ہے؟
فاران تجزیاتی ویب سائٹ: گزشتہ سے پیوستہ
سوال: فلسطینی طاقت اور اس کی مقاومت اور مزاحمت کا محور کہاں ہے؟
جواب: میری رائے یہ ہے کہ دشمن کا کمزور پڑ جانا مقاومت کی سب سے اہم طاقت ہے، اس مرحلے میں ہم جب مقاومت کی صلاحیتوں کے بارے میں بات کرتے ہیں تو ہمیں دشمن کی طاقت اور صلاحیت اور قوتوں اور کمزوریوں کا بھی جائزہ لینا ہوتا ہے۔
اس وقت صہیونی ریاست طاقت کے توازن اور عسکری صلاحیتوں کے لحاظ سے بدترین صورت حال سے دوچار ہے، اور یہ صورت حال مقاومت کے لئے مواقع فراہم کرتی ہے کہ وہ زیادہ طاقت کے ساتھ عمل کرے اور عملی میدان میں زيادہ طاقت کا مظاہرہ کرے۔
صہیونی ریاست میدان جنگ میں ضعف سے دوچار ہوئی ہے اور صہیونی فوج کئی بار شکست کھا چکی ہے۔ اسے 2006 میں جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ہاتھوں شکست ہوئی اور جنوبی لبنان آزاد ہو گیا، غزہ کی لڑائیوں میں اس کو متعدد بار شکست سے دوچار ہونا پڑا اور غزہ کی پٹی آزآد ہو گئی۔ نیز 2008 ، 2009، 2012، 2014 کی جنگوں میں صہیونیوں کو شکست ہوئی، 2021 کی لڑائی (سیف القدس = قدس کی تلوار) میں اسے شکست ہوئی اور حالیہ پانچ روزہ جنگ “ثارالاحرار” (احرار کا انتقام) نامی جنگ میں بھی اسے شکست ہوئی۔
بالفاظ دیگر، مقاومت طاقت اور حکمت عملی کے حوالے سے مسلحانہ جدوجہد کی پالیسی اپنا کر، پہلے سے بہت زیادہ طاقتور ہو چکی ہے۔
ایک نکتہ یہ بھی ہے کہ اس خاص مرحلے میں فلسطینی عوام کے حوالے سے ایک نیا قومی رجحان سامنے آیا ہے اور وہ یہ کہ فلسطینی عوام مقاومتی تحریکوں کے گرد اکٹھے اور متحد ہو گئے ہیں۔
ہم اوپر کے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں، جس کو “فلسطین کی عوامی مقاومت” کہہ سکتے ہیں، جو جدوجہد اور مقاومت کے لئے بنیاد فراہم کرتی ہے؛ یعنی یہ کہ فلسطینی قوم ـ بالخصوص مغربی کنارے، بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ میں، میدان کے بیچ آ کھڑے ہوئے ہیں، اور انہوں نے ثار الاحرار کی حالیہ کاروائی میں اپنی استقامت ثابت کرکے دکھا دی؛ چنانچہ مقاومت کی طاقت کا ایک نمایاں پہلو مسلحانہ جدوجہد کی حکمت عملی ہے، دوسرا پہلو مقاومت کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے صہیونی ریاست کی کمزوری ہے، تیسرا پہلو فلسطینی مقاومت کے تئیں فلسطینی قوم کی حمایت اور ان کا متحدہ موقف ہے۔
تبصرہ کریں