فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آبادکاروں کے ذریعے قبلہ اول کی بے حرمتی
فاران: کل جمعرات کو درجنوں یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد اقصیٰ میں گھس کر مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی کی۔ اس موقعے پر مسجد میں موجود فلسطینی نمازیوں نے یہودی شرپسندوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔
فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ جمعرات کو پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں، اسرائیلی طلبا اور انٹیلی جنس اہلکاروں سمیت دیگر انتہا پسندوں نے قبلہ اول میں گھس کر اشتعال انگیز چکر لگائے۔
یہودی آباد کار مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوئے۔
خیال رہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے دن کے علاوہ ہفتے کے باقی ایام میں یہودی آباد کار دن میں دو بار مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولتے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مسجد اقصیٰ کی حرمت کو پامال کرنے والے اشتعال انگیز اقدامات اور حرکات کرتے ہیں۔
یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر دھاووں کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے جب کہ فلسطینیوں کو قبلہ اول میں نماز کی ادائگی سے روکنے کے لیے طاقت کے استعمال سمیت طرح طرح کے حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔
تبصرہ کریں