قابض اسرائیلی فوج نے وادی اردن میں وسیع زرعی اراضی برباد کر دی

قابض اسرائیلی فوج کی فوجی گاڑیوں نے شمالی وادی اردن میں زراعت اور مویشیوں کو چرانے کے لئے استعمال ہونے والی سینکڑوں دونم فلسطینی زمین کو تباہ کر دیا۔

فااران: قابض اسرائیلی فوج کی فوجی گاڑیوں نے شمالی وادی اردن میں زراعت اور مویشیوں کو چرانے کے لئے استعمال ہونے والی سینکڑوں دونم فلسطینی زمین کو تباہ کر دیا۔

وادی کے مقامی عہدیدار عارف دراغمہ نے بتایا کہ شمالی وادی اردن کے بدو قبائل کے علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جنگی مشقوں کے دوران اسرائیلی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں نے فلسطینی زرعی زمین پر کاشت سبزیوں اور اناج کو تہس نہس کر دیا۔

اسرائیلی فوج کی گاڑیوں نے خربت ابزیق، الفراسیہ اور قاعون میں زیادہ تباہی پھیلائی۔

مشقوں سے قبل قابض اسرائیلی فوج نے بدو فلسطینیوں کو بے گھر کر دیا اور انہیں کھلے آسمان تلے رات بسر کرنے پر مجبور کیا۔