قابض فوج نے جبالیہ کیمپ میں طبی عملے کے پورے خاندان کو شہید کر دیا

اسرائیلی جنگی طیاروں نے جبالیہ کیمپ میں احمد خاندان کے رہائشی اپارٹمنٹ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔

فاران: جمعرات کی شام شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر قابض اسرائیلی کی جانب سے کی گئی بربریت میں ایک ہی خاندان کے سات فلسطینی شہید ہو گئے۔ شہداء میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔ شہید ہونے والے تمام افراد ایک طبی کارکن کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔

غزہ میں سول ڈیفنس سروس نے ٹیلی گرام پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہاکہ شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پرقابض اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے جبالیہ کیمپ میں احمد خاندان کے رہائشی اپارٹمنٹ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔

صحافیوں اور امدادی کارکنوں نے ویڈیو کلپس میں ایک شہید کی لاش دکھائی ہے جو اسرائیلی فوج کی بمباری میں ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی تھی۔

کمال عدوان ہسپتال میں ایمبولینس اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں اپنے فرائض سرانجام دینے والے فلسطینی پیرامیڈک عبدالقادر احمد نے بتایا کہ جبالیہ کیمپ میں ایک مکان پر بمباری کی اطلاع ملی تو وہ چونک گئے کیونکہ جس گھر کو نشانہ بنایا گیا وہ اس کے خاندان کا گھر تھا۔ اس میں اس کے والدین اور بہن بھائی شہید ہوگئے ہیں۔