قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، علامہ ساجد نقوی

علامہ ساجد نقوی نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی

فاران: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ”یوم القدس“ ملّی جذبہ کے ساتھ بھر پور انداز میں منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی، صوبائی ، ڈویژنل ، ضلع، تحصیل اور یونٹ کی سطح پر تمام عہدیداران و کارکنان ملک بھر میں جمعة الوداع کے موقع پر ”القدس ریلیاں اور سیمینار “کے انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات و عملی اقدامات کریں۔

علامہ ساجد نقوی نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی اور اسرائیل نے ظلم کی انتہاء کر دی،ہم فلسطینیوں کی آئینی ،جمہوری اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت رکوائیں۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا۔ مسئلہ فلسطین و کشمیر بین الاقوامی دنیا کے سلگتے ہوئے مسائل ہیں ابھی یہ بھی حل نہ ہو پائے تھے کہ استعمار نے شام ، افغانستان، عراق ،یمن ،لبنان اور بحرین میں ایک سازش کے تحت آگ بھڑکانا شروع کردی ۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ یوم القدس تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے اسرائیلی ظلم و ستم کی انتہاء ہو چکی ہے،مسلم ممالک بھی موثر کردار ادا نہیں کر پا رہے جو افسوس ناک امر و باعث تشویش ہے۔ لہذا امت مسلمہ کو متحد ہو کر قبلہ اول کی آزادی کیلئے مشترکہ جدوجہد کر نا ہوگااور فلسطینیوں کو اسرائیل کے شکنجے سے آزادکرا نا ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242