لیلۃ الغضب احتجاجی مظاہرے میں فلسطینی نوجوان شہید

چھبیس سالہ فلسطینی نوجوان جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب لیلۃ الغضب کے نام سے ہونے والے مظاہروں میں شریک تھا کہ اسی وقت صیہونی فوجیوں نے گولی مار کر اسے شہید کردیا۔

فاران؛ مشرقی غزہ اور مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید کر دیا۔ اس دوران حماس نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام رات کے وقت لیلۃ الغضب کے عنوان سے صیہونیت مخالف مظاہرے جاری رکھیں گے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق چھبیس سالہ فلسطینی نوجوان جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب لیلۃ الغضب کے نام سے ہونے والے مظاہروں میں شریک تھا کہ اسی وقت صیہونی فوجیوں نے گولی مار کر اسے شہید کردیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق لیلۃ الغضب کے نام سے ہونے والے پرامن مظاہرے پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں پانچ بچوں سمیت پندرہ فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، جبکہ چار کی حالت بھی چنداں ٹھیک نہیں ہے۔

اسکے علاوہ دس افراد آنسوگیس کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور انہیں اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے۔

فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف غزہ اور مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی سرحدوں پر مظاہروں کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے۔