نابلس میں صہیونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپیں، درجنوں فلسطینی زخمی

قابض صہیونی فوجیوں نے جمعہ کے روز نابلس اور جنین میں فلسطینیوں پر حملہ کیا جسمیں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔

حلال احمر سوسائٹی نے کہا کہ انکے عملے نے نابلس کے جنوب میں بیتا قصبے میں قابض صہیونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے آغاز کے بعد  83 زخمیوں کو طبی امداد مہیا کی ۔

انہوں نے واضح کیا کہ زخمیوں میں 8 افراد براہ راست گولیوں سے 55 اشک آور گیس کے گولوں سے اور 10 لوہے کے خول میں لپٹی گولیوں سے زخمی ہوئے۔

حلال احمر سوسائٹی نے مزید کہا کہ صہیونی فوجیوں نے جان بوجھ کر اسکے عملے کو نشانہ بنایا جس سے ان میں سے ایک کو سینے میں زخم آئے۔

اسی دوران عینی شاہدین نے کہا کہ صہیونی فوجیوں نے نابلس کے مشرق میں ہفتہ وار بیت دجن مارچ کو کچل دیا۔

صہیونی فوجیوں نے شرکاٗ پر صوتی بم اور براہ راست گولیاں برسائیں۔

یہ مارچ مشرقی علاقے کی طرف واقع ایک گاؤں کے وسط میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد شروع کیا گیا تھا جس میں آبادکاری چوکی کے قیام کو مسترد کیا گیا تھا۔

جنین میں قابض صہیونی فوجیوں نے جبا قصبے کے قریب ترسالا مسجد پر ہلہ بولا اور مسلمان عبادت گزاروں کو مسجد سے زبردستی باہر نکال دیا۔

صہیوی فوجیوں نے مسجد میں دیکھ بھال اور مرمت کے کاموں کو بھی روک دیا اور شہریوں کو اس میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روکا۔