نہیانی شیش محل پر لرزہ بدستور طاری/ متحدہ عرب امارات ہوش کے ناخن لے
فاران تجزیاتی ویب سائٹ: یمنی وزارت خارجہ نے عرب امارات کے خلاف ہونے والی کاروائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاروائیاں غیر متوقع نہیں ہیں بلکہ یہ صنعا کی پیشگی تنبیہات کا فطری نتیجہ ہیں بات صرف یہ ہے کہ جارح اتحاد نے ہماری تنبیہات کا غلط مطلب لیا تھا اور اب یمنی افواج نے ان کے تصورات کی اصلاح کی ہے۔
یمنی وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ قومی نجات حکومت کے راہنماؤں کا موقف بدستور ایک حقیقی اور شرافتمندانہ امن کی حمایت پر مبنی ہے اور وہ ہر قیمت پر یمنی قوم کے لئے امن و استحکام کا تحفظ چاہتے ہیں۔ چنانچہ یمن پر خونخوارانہ بیرونی جارحیت کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے اور متحدہ عرب امارات کو جان لینا چاہئے کہ اقوام کے مفادات زیادہ مستحکم ہیں اور افراد یا قبائل کے مفادات پر ترجیح رکھتے ہیں۔
یمنی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت مصالحت کا مسئلہ پیش کیا جا رہا ہے جس کے لئے فوری طور پر اعتمادساز اقدامات کے آغاز کی ضرورت ہے اور ان اقدامات میں سے اہم اقدامات یہ ہیں کہ: پہلے مرحلے میں صنعاء کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ تجارتی اور غیر فوجی پروازوں کے لئے کھول دیا جائے، الحدیدہ بندرگاہ کا محاصرہ ختم کیا جائے، اور تیل کی مصنوعات کے حامل بحری جہازوں کو یمنی بندرگاہوں میں لنگر انداز ہونے کے لئے راستہ کھول دیا جائے، تاکہ امن و مصالحت کے لئے مشاورتوں اور بات چیت کا ماحول فراہم ہوسکے۔
اسی حوالے سے یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے ابوظہبی کے خلاف کل صبح ہونے والی “اعصار الیمن 3” نامی کاروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عرب امارات کے خلاف ہونے والی تیسری کاروائی اس ریاست کی گہرائیوں تک انجام کو پہنچی اور اس کاروائی کے دوران کئی بیلیسٹک میزائل ابوظہبی کے حساس اور اہم مقامات کو لگے اور کئی “صماد 3” ڈرونز کے ذریعے دبی کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے کہا: جب تک کہ امارات کی چھوٹی ریاست کے حکمران ابوظہبی اور دبئی میں اسرائیلی دشمن کی کٹھ پتلی کے طور پر، ہمارے ملک و قوم کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کرتی رہے گی یہ ریاست غیر محفوظ رہے گی۔
دریں اثناء یمن کی مسلح افواج نے امارات کے باشندوں، اور اندرونی و بیرونی کمپنیوں کو حساس اور اہم تنصیبات اور مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہےکہ کہ مقامات اور تنصیبات خطرناک اور زد پذیر ہیں اور یہ تمام تنصیبات کبھی بھی نشانہ بن سکتی ہیں۔
بریگیڈیئر یحیی سریع نے زور دے کر کہا: ہم اپنی قوم کے خلاف گلا گھونٹ دینے والے محاصرے اور بڑھتے ہوئے جرائم کے مقابلے میں ہاتھ بندھے ہوئے نہیں رہیں گے، اور یمن میں اپنے جائز دفاع کے حق پر جارحیت کے خاتمے اور محاصرے کے اٹھنے تک، کاربند رہیں گے اور ہم اللہ کو اپنے اس عہد پر گواہ بناتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ یمنی افواج نے ایک بار پھر امارات پر مسلط آل نہیان قبیلے کو عملی طور پر خبردار کیا اور پیر کی صبح کو ایک بار پھر ان کے شیش محل پر لرزہ طاری کیا۔
تفصیل یہ ہے کہ روز اتوار یمن کے فوجی حکام نے متحدہ عرب امارات پر بڑا حملہ کرنے کا وعدہ دیا تھا اور پیر [یکم فروری 2022ع] کی صبج ابو ظہبی کی فضاؤں میں عظیم دھماکوں کی خبر نشر ہوئی۔
اس سے چند ہی گھنٹے قبل یمنی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے اعلان کیا تھا کہ “اگلی گھڑیوں کے دوران متحدہ عرب امارات کے اندر وسیع کاروائیوں کے سلسلے میں اہم بیان جاری ہونے والا ہے۔
قبل ازیں صابرین نیوز انٹرنیٹ چینل کی رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی اور دبئی کی فضاؤں میں طیاروں کی پروازیں منسوخ ہوچکی تھیں اور ساحلی علاقوں میں بھی کوئی پرواز انجام نہیں پا رہی تھی۔ جس کے چند ہی منٹ بعد بعض ذرائع نے بتایا کہ ابو ظہبی میں کچھ فضائی اہداف سے نمٹنے کے لئے امارات کا اینٹی میزائل سسٹم فعال ہوچکا ہے۔
سعودی نیوز چینل العربیہ نے امارات میں اپنے نامہ نگار کے حوالے سے دعوی کیا کہ امارات کے اینٹی میزائل سسٹم نے بیلیسٹک میزائلوں کو مار گرایا ہے۔ اور اماراتی وزارت دفاع کا دعوی تھا کہ اس حملے سے امارات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور میزائل رہائشی علاقوں سے دور گرے ہیں!! گوکہ یمنیوں نے بھی رہائشی علاقوں پر میزائل داغنے کا دعوی نہیں کیا تھا!
دریں اثناء صابرین نیوز نے اپنے ذرائع سے نقل کرکے لکھا ہے کہ “ایک بیلسٹک میزائل ابوظہبی کے صنعتی زون میں واقع المصفح کے کشتی سازی کے کارخانے کو لگا ہے۔
ادھر جارح سعودی-نہیانی-عبرانی اتحاد نے اپنی ساکھ برقرار رکھنے اور مزید رسوائی اور بدنامی سے بچنے کے لئے دعوی کیا کہ اس کے طیاروں نے یمن کے علاقے الجوف میں بیلیسٹک میزائل لانچر کو تباہ کردیا ہے! اس سے قبل یمنی حکام نے امارات میں 50 مقامات کو نشانہ بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ امارات کے اہم اقتصادی، صنعتی اور فوجی تنصیبات کو 300 ڈرونز، 50 بیلیسٹک اور 46 کروز میزائلوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تبصرہ کریں