نیتن یاہو تلوار کی دھار پر

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نیتن یاہو کی سربراہی میں موجودہ صیہونی کابینہ کیلئے خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے۔ تازہ ترین سروے رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مڈٹرم الیکشن منعقد ہونے کی صورت میں نیتن یاہو کی سربراہی میں حکمران اتحاد شکست سے روبرو ہو گی جبکہ اپوزیشن اتحاد کینسٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

فاران: غزہ کی پٹی پر غاصب صیہونی رژیم کی فوجی جارحیت مقبوضہ فلسطین کی اندرونی سطح پر بہت ہی حساس مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی کابینہ کے اندر فوجی اور سیاسی حکام کے درمیان اختلافات نیز جنگی کابینہ کے اندرونی اختلافات اس وقت منظرعام پر آ شکے ہیں۔ صیہونی وزیر جنگ یوآو گالانت نے کھلم کھلا بنجمن نیتن یاہو سے مخالفت کا اظہار کیا ہے جس کے بعد دونوں کے درمیان عدم اعتماد کی فضا مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ غزہ کے خلاف فوجی جارحیت کے ابتدائی ایام سے ہی یوآو گالانت اور بنجمن نیتن یاہو کے درمیان جنگ کے اہداف اور حکمت عملی سے متعلق اہم اور بنیادی اختلافات پائے جاتے تھے لیکن جب اس جنگ میں صیہونی فوج کو شدید ناکامیوں اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا تو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں کے اختلافات کھل کر سامنے آنا شروع ہو گئے۔

اس وقت غزہ جنگ کے بارے میں صیہونی کابینہ شدید قسم کے انتشار، اندرونی اختلاف اور کنیوژن کا شکار ہے۔ بعض موصولہ رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اپنے وزیر جنگ یوآو گالانت کی جانب سے وائٹ ہاوس حکام، نیتن یاہو کے سیاسی مخالفین اور موساد سے خفیہ رابطے رکھنے پر شدید تشویش کا شکار ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ بنجمن نیتن یاہو اپنے وزیر جنگ پر اعتماد مکمل طور پر کھو چکا ہے۔ دوسری طرف غاصب صیہونی رژیم کی جنگ کی کابینہ بھی شدید اندرونی خلفشار اور انتشار کا شکار ہو چکی ہے۔ جنگ کی کابینہ میں مرکزی حیثیت کا حامل شخص گیڈی آئزینکوٹ بنجمن نیتن یاہو پر الزام عائد کرتا آیا ہے اس نے غزہ جنگ کے فوجی اہداف بیان کرتے ہوئے حقیقت بیان نہیں کی۔ گیڈی آئزینکوٹ نئے الیکشن منعقد کروانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ جو افراد “حماس کی مکمل شکست” کی بات کر رہے ہیں وہ “سچ نہیں بول رہے”۔

گیڈی آئزینکوٹ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بعض دیگر صیہونی رہنما غزہ جنگ کے آغاز سے دو ماہ تک اس بات پر زور دے رہے تھے کہ حماس کی شکست یقینی ہے اور بنجمن نیتن یاہو نے اس بارے میں جو دعوی کیا ہے وہ محض بڑھک نہیں ہے۔ لیکن جب جنگ کو دو ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود صیہونی فوج اپنے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر پائی تو ان رہنماوں کی رائے بھی تبدیل ہو گئی اور وہ بھی صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے مخالفین میں شامل ہو گئے ہیں۔ مزید برآں، جنگی کابینہ میں شامل ایک اور صیہونی رہنما بنی گانتز کے بھی بنجمن نیتن یاہو سے شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ وہ تو حتی مقبوضہ فلسطین میں نیتن یاہو کے خلاف منعقد ہونے والے مظاہروں میں بھی شریک ہوتا ہے اور باقاعدہ طور پر نیتن یاہو کی معزولی کا مطالبہ کرتا دکھائی دیتا ہے۔

اس اندرونی خلفشار اور ٹکراو نے نیتن یاہو کو تلوار کی دھار پر لا کھڑا کیا ہے۔ صیہونی پارلیمنٹ (کینسٹ) نے صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے بارے میں غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ لہذا اس وقت غاصب صیہونی رژیم بہت حساس مرحلے سے گزر رہی ہے۔ اگرچہ عنقریب عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں بنجمن نیتن یاہو کی معزولی کا امکان زیادہ قوی دکھائی نہیں دے دیتا لیکن اس سے ایک ایسا راستہ کھل سکتا ہے جس کا نتیجہ نیتن یاہو اور اس کے قریبی اتحادیوں کی سیاسی زندگی کا خاتمہ ہو۔ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کیلئے کینسٹ کے 61 اراکین کی حمایت درکار ہو گی جبکہ اس وقت نیتن یاہو کی سربراہی میں حکمفرما اتحاد کے پاس کینسٹ کی 64 سیٹیں ہیں۔ لیکن حکمران لیکوڈ پارٹی کے کچھ اراکین ایسے بھی ہیں جو نیتن یاہو کے خلاف ہو گئے ہیں اور وہ بھی اس کی معزولی کی حمایت کر سکتے ہیں۔

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نیتن یاہو کی سربراہی میں موجودہ صیہونی کابینہ کیلئے خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے۔ تازہ ترین سروے رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مڈٹرم الیکشن منعقد ہونے کی صورت میں نیتن یاہو کی سربراہی میں حکمران اتحاد شکست سے روبرو ہو گی جبکہ اپوزیشن اتحاد کینسٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ان رپورٹس کی روشنی میں سابقہ وزیر جنگ اور موجودہ جنگی کابینہ کے رکن بنی گانتز کا وزیراعظم بننے کا امکان زیادہ ہے۔ دوسری طرف غزہ جنگ میں عام فلسطینی شہریوں کی بڑی تعداد میں شہادت (26 ہزار شہید اور 7 ہزار گمشدہ) کے باعث نیتن یاہو پر شدید عالمی دباو پایا جاتا ہے۔ حتی اس کے مغربی حامی بھی اب محسوس کرتے ہیں کہ نیتن یاہو کی مزید حمایت ان کیلئے شدید سنگین نتائج کا باعث بنے گی۔ اسی وجہ سے نیتن یاہو نے غزہ سے فوجیں واپس بلانا شروع کر دی ہیں۔ نیتن یاہو نے حماس رہنماوں کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنا رکھا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ منصوبہ بھی اس کی شکست کو روک نہیں پائے گا۔