پاکستان کی دینی سیاسی جماعتوں کا ہینہ کی شہادت پر اظہار افسوس

فلسطینی مزاحمتی تحریک ’’حماس‘‘کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے تہران میں اسرائیل کے ہاتھوں شہید کیے جانے کے واقعے کی پاکستان سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔

فاران: فلسطینی مزاحمتی تحریک ’’حماس‘‘کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے تہران میں اسرائیل کے ہاتھوں شہید کیے جانے کے واقعے کی پاکستان سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔

پاکستان میں مذہبی سیاسی جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے اسماعیل ہنیہ کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو اس ظلم کی قیمت چکانا ہو گی۔‘

بدھ کو ایکس پر اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ’اسرائیلی اقدام نے اس پورے خطے کو نئی آزمائش میں ڈال دیا ہے اور صاف نظر آ رہا ہے کہ جنگ اب غزہ تک محدود نہیں رہے گی۔ نئی صف بندی ہو گی۔‘

ادھر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی اسماعیل ہنیہ کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ’فلسطین کی آزادی کی تحریک ختم نہیں ہوں گی۔‘

جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں مولانا فضل الرحمٰن کے حوالے سے کہا گیا کہ ’اسماعیل ہنیہ کی خدمات کے اعتراف میں آج قومی اسمبلی، سینیٹ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے اجلاسوں میں قرادادیں پیش کریں گے۔‘

ساتھ ہی انہوں نے جمعے (دو اگست) کو ملک بھر میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور اسماعیل ہنیہ کی موت پر احتجاج کی کال دے دی، جس کے دوران ملک بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے۔