پچاس ہزار فلسطینیوں نے مسجد الاقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی

مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے حائل دشواریوں کے باوجود 50 ہزار فلسطینیوں نے نماز جمعہ کے لئے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کا رخ کیا۔

فاران: اسرائیلی پولیس نے درجنوں کے حساب سے ناکے اور چیک پوائنٹ لگائے جہاں پر لمبے دورانیے تک فلسطینیوں کی چیکنگ کی جاتی ہے اور کئی فلسطینیوں کو اعتراض لگا کر مسجد جانے سے روک دیا جاتا ہے۔

جمعہ کے خطبے کے دوران امام اقصیٰ شیخ عکرمہ صبری نے مسجد اقصیٰ میں فلسطینی شہریوں کی موجودگی کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جاسکے۔

شیخ عکرمہ نے بتایا کہ فلسطین میں سال 2021 کے دوران اسرائیل نے شہریوں کو ان کے گھروں سے بے  دخل کرنے کی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی ہے۔

انہوں نے فلسطینیوں کی جانب سے اپنی زمینوں کی حفاظت کی اہمیت پر زور دیا اور اسرائیلی ہتھکنڈوں کا بہادری سے سامنا کرنے والے فلسطینیوں کی تحسین کی۔