کیا صہیونی سرکار کو تل ابیب کی سڑکوں پر مرنے والے بے گھر افراد کی پرواہ ہے؟

صہیونی اخبار نے گزشتہ دنوں تل ابیب میں تین بے گھر افراد کی ہلاکت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ حکام اس بار بھی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔

فاران تجزیاتی ویب سائٹ: صہیونی ذرائع ابلاغ نے ایک مضمون میں حالیہ دنوں میں طوفان کے باعث تل ابیب میں تین بے گھر باشندوں کی ہلاکت اور مقبوضہ فلسطین کے غریب باشندوں کی دیکھ بھال میں صہیونی حکام کی نااہلی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے؛ اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ (حکومت) اور دیگر حکام ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بے گھر افراد کو ہی مورد الزام ٹھہرائیں گے۔
ہاآرتض (Haaretz ) اخبار کے ہفتہ کے شمارے کے مطابق، سابق سوویت یونین سے تعلق رکھنے والا 57 سالہ بے گھر شخص 18 دسمبر کو تل ابیب کے جنوب میں ایک بینچ پر نازک حالت میں پایا گیا۔ تین بچوں کا باپ، کہ جو تقریباً 20 سال سے اپنے خاندان سے رابطہ میں نہیں ہے۔ ایمرجنسی سروسز کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی کارکنوں نے اسے دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
یہ شخص سڑک کے ایک بینچ پر بے ہوش پڑا تھا اور گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری شدید بارش سے اس کے کپڑے بھیگے ہوئے تھے۔اسے تل ابیب کے ایک اسپتال لے جایا گیا، جہاں اسپتال کے حکام نے اعلان کیا کہ وہ مر چکا ہے۔ اس کی موت کے بعد ہی یہ مسئلہ جب عام ہوا تو تل ابیب میونسپلٹی نے اپنے بے گھر رہائشیوں کے لیے ایک خستہ حال ہنگامی پناہ گاہ قائم کرنے کی کوشش کی۔
بدھ تک، دو دیگر بے گھر مردوں کی لاشیں “بٹیم” جس میں بے گھر افراد کے لیے کوئی پناہ گاہ نہیں ہے سے ملنے کے بعد مرنے والوں کی تعداد تین ہو گئی تھی۔ دوپہر کے وقت ایک شاپنگ مال کی پارکنگ سے 60 سالہ شخص کی شناخت کے بغیر لاش ملی۔ ٹھیک غروب کے وقت ایک 50 سالہ شخص جو کافی عرصہ سے سڑکوں پر زندگی بسر کرتا تھا ایک باریک لباس میں ایک اپارٹمنٹ کے گیراج میں مرا ہوا پایا گیا۔


ہاآرٹض کے مطابق، مقبوضہ فلسطین میں بے گھر افراد مظالم کا شکار ہیں، اور معاشرہ ان سے کنارہ کشی اختیار کر چکا ہے، انہیں عوامی حلقوں سے بے دخل کر دیا گیا ہے، اور انہیں سماجی نظم و ضبط میں خلل ڈالنے والے افراد قرار دیا جاتا ہے۔
حالیہ دنوں میں تین افراد کی المناک موت ایک تلخ اعدادوشمار کا حصہ ہے جو عوام کو نظر نہیں آرہی۔ جنوری میں ایک 69 سالہ بے گھر شخص کی لاش ملی تھی۔ 2019 میں جنوری کی ایک سرد رات کو، ‘نیتنیہ’ میں ایک رہائشی عمارت کی سیڑھیوں سے ایک 50 سالہ بے گھر شخص کی لاش ملی۔ جنوری 2016 میں بٹیام سے ایک 40 سالہ شخص کی لاش ملی تھی۔ فروری 2008 میں، ایک بے گھر خاتون کی لاش جو شدید سردی کے باعث جان دے چکی تھی تل ابیب کے بین گوریون بلیوارڈ پر طلوع فجر سے پہلے ملی تھی۔
اس اخبار نے آخر میں لکھا ہے کہ وہ افراد جن کے سروں پر کوئی چھت نہیں ہے ان کی صورتحال بنیادی طور پر تبدیل ہونا چاہیے، وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کی حکومت کے عہدیداروں کو اپنی ذمہ داری سے دامن بچانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے، اور ان کے لئے باعزت، طویل مدتی حل پر عمل درآمد کیا جانا چاہئے، کوئی بھی سردی کے عالم میں بینچ پر سونا گوارا نہیں کرتا اور کوئی بھی ایسی موت کا مستحق نہیں ہے۔