کیلی فورنیا یونیورسٹی کی عمارت پر فلسطین کے حامی امریکی طلبا کا قبضہ

فلسطین کے حامی امریکی طلبا نے نسل کش اسرائیلی حکومت کے انسانیت سوز جرائم کے خلاف احتجاج کرتےہوئے کیلی فورنیا یونیورسٹی میں اجتماع کیا اور ایک فیکلٹی کی عمارت پر قبضہ کرلیا۔

فاران: امریکہ میں فلسطینیوں کی حمایت اور جارح اسرائیل کی مذمت میں طلبا کے احتجاج کے دوران کیلفورنیا یونیورسٹی کے طلبا نے پچھلے کئی ہفتوں سے، صہیونی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

کیلی فورنیا یونیورسٹی نے اپنی ویب سائٹ میں لکھا ہےکہ تمام کلاسیں آن لائن منعقد ہوں گی اور طلباء سے کہا گیا ہے کہ وہ یونیورسٹی کے مین کیمپس میں نہ آئيں ۔ سترہ اپریل کو نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی سے ” غزہ کے ساتھ یکجہتی تحریک ” سے موسوم ، غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے خلاف مظاہروں کے دیگر امریکی یونیورسٹیوں تک پھیلنے کے بعد سے اب تک ہزاروں طلباء کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ایسے میں جبکہ صیہونیت مخالف مظاہرین نے کیلی فورنیا یونیورسٹی میں ایک عمارت پر قبضہ کرلیا ہے یونیورسٹی کی پولیس انتظامیہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے تاہم ملازمین پناہ گاہوں میں چلے گئے ہیں-

ارنا کے مطابق، یونیورسٹی کے ترجمان ایرک فراسٹ ہولنس نے کہا ہے کہ پچاس سے سو کے قریب طلبا کے ایک گروپ نے عمارت کی پہلی منزل کے داخلی راستے اور اس کے ارد گرد کے راستے بند کر دیئے ہيں ۔ جس کے نتیجے میں یونیورسٹی نے ملازمین کو پناہ لینے کو کہا ہے۔

فیکلٹی کے سربراہ کا دفتر بھی اسی عمارت میں واقع ہے، لیکن ہولنس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا وہ اپنے دفتر میں موجود ہیں یا نہیں-

یونیورسٹی نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ تمام کلاسز ورچوئل صورت میں منعقد ہوں گی اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مرکزی کیمپس میں نہ آئيں ۔

حالیہ دنوں میں مظاہرین نے ایک بار پھر یونیورسٹی کیمپس میں ڈیرے ڈال دیے تھے تاہم امریکی پولیس نے تشدد کرکے ان کو وہاں سے منتشر کردیا-

غزہ میں جارح اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کےخلاف طلبا کا احتجاج صرف امریکہ تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ دنیا کے بہت سے ملکوں میں فلسطین کے حامی طلبا نے وسیع پیمانے پرمظاہرے کئے ہيں اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے-

اس سے پہلے اپریل کےمہینے میں احتجاج کے دوران، پولیس نے تشدد کرکے دو سو سے زائد طلبا کو حراست میں لےلیا تھا-

نسل پرست صیہونی حکومت وائٹ ہاؤس کی مدد و حمایت سے، انسانی حقوق اور عالمی اداروں کی نظروں کےسامنے آٹھ ماہ سے زائد عرصے سے غزہ کے نہتے اور مظلوم عوام کے خلاف اپنی بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور غزہ کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق اب تک سینتیس ہزار دو سو بتیس فلسطینی، صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید اور پچاسی ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔