یمنی مجاہدین نے امریکہ کی ناک زمین پر رگڑ دی

یمن کی مسلح افواج کے جوانوں نے ایک ہفتے میں مسلسل تیسری بار امریکہ کا ایک اور جدید ترین ڈرون طیارہ تباہ کردیا۔
فاران: یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فتح موعود اور جہاد مقدس کے تناظر میں اور طوفان الاقصی آپریشن و فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت کے تحت یمن کی مسلح افواج ، امریکہ و برطانیہ کے دشمنانہ اقدامات اور جارحیتوں کا مقابلہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ہمارے فضائی دفاعی سسٹم نے صوبہ ذمار کے فضائی حدود میں امریکہ کے ایم کیو نائن ماڈل کے ایک اور ڈرون طیارے کو مار گرایا۔
انھوں نے اپنے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ امریکی ڈرون دشمنانہ کارروائیاں انجام دے رہا تھا اور اسی دوران اسے زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایک میزائل سے مار گرایا گیا جو اندرون ملک تیار کیا گیا تھا۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج اور اس کے ساتھ ہی یمن کی تمام استقامتی طاقتیں اور مجاہدین زمینی و بحری کارروائیاں انجام دیتے ہوئے ملت فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے اور یہ کارروائیاں اس وقت تک بند نہيں ہوں گی جب تک غزہ اور فلسطین میں جارحیتوں اور اس کے محاصرے کا سلسلہ رک نہيں جاتا۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اتوار کو بھی اپنے ایک بیان میں صیہونی حکومت کے خلاف میزائلی کارروائیوں کی خبر دی تھی اور اعلان کیا تھا کہ اس نے تل ابیب کے خلاف ہائیپر سونک بیلسٹک میزائل سے کارروائی انجام دی ہے اور یہ میزائل ٹھیک اپنے نشانے پر لگا ہے اور دشمن کا دفاعی سسٹم اس کا پتہ لگانے اور اسے ناکام بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا ۔