یمن کا صہیونی جارحیت پر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا اعلان

یمن میں سپریم پولیٹیکل کونسل نے الحدیدہ گورنری میں شہری تنصیبات ، بجلی گھروں اور تیل کی تنصیبات کے خلاف وحشیانہ "اسرائیلی" جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے دشمن کو اس جارحیت کی قیمت چکانا ہوگی۔

فاران: یمن میں سپریم پولیٹیکل کونسل نے الحدیدہ گورنری میں شہری تنصیبات ، بجلی گھروں اور تیل کی تنصیبات کے خلاف وحشیانہ “اسرائیلی” جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے دشمن کو اس جارحیت کی قیمت چکانا ہوگی۔

کونسل نے ہفتے کی شام ایک بیان میں کہا کہ ہمارے ملک کے خلاف صہیونی جارحیت کا بنیادی مقصد یمنی عوام کے مصائب میں اضافہ کرنا اور جمہوریہ یمن کو فلسطینی عوام اور انصاف پسندوں کی حمایت کے موقف سے باز رکھنا ہے۔ مگر دشمن کو اپنے اس گھمنڈ میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دشمن کی جارحیت یمنی قوم کو فلسطینی قوم کے نصب العین کی حمایت سے باز نہیں رکھ سکے گی۔

سپریم پولیٹیکل کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ “مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد میں ہمارا موقف اصولی، عقیدے پر مبنی اور مذہبی ہے۔ اسرائیلی دشمن کی ننگی جارحیت کی وجہ سے ہم اپنا موقف نہیں بدلیں گے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسرائیلی جارحیت یمنی عوام کے اپنے دفاع میں فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد جاری رکھنے اور اس سلسلے میں مزید کوششیں کرنے کے عزم میں اضافہ کرے گی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ اسرائیلی جارحیت ہماری مسلح افواج کے لیے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی۔

سپریم پولیٹیکل کونسل نے دنیا کے تمام ممالک، اداروں، تنظیموں اور عوام سے جمہوریہ یمن کے خلاف اس وحشیانہ جارحیت کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے یمنی عوام پر زور دیا کہ وہ ہمارے ملک کے خلاف اسرائیلی اور امریکی جارحیت کے خلاف متحرک ہونے کی سرگرمیاں جاری رکھیں، تربیتی کیمپوں میں اندراج کو تیز کریں، مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر باہر نکلیں اور ان تمام آپشنز کے لیے تیار رہیں۔

یمنی افواج: ہم جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے

دوسری طرف یمن کی مسلح افواج نے رات گئے اسرائیلی جارحیت کے بعد صہیونی دشمن ریاست کو منہ توڑ جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔

مسلح افواج نے کہا ہے کہ دشمن کا ایک ایک علاقہ ہمارے سامنے ہے اور یافا میں کی گئی ہماری کارروائی نےہماری صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ دشمن کو یمن میں کی گئی جارحیت کی قیمت چکانا پڑے گی۔

فورسز نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی دشمن نے الحدیدہ گورنری کے خلاف وحشیانہ جارحیت کا آغاز کیا، متعدد فضائی حملوں میں ساحلی شہر الحدیدہ کو بجلی فراہم کرنے والے پاور اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔ الحدیدہ بندرگاہ اور فیول ٹینک کو بھی نشانہ بنایا۔ یہ تمام عام شہری اہداف اور تنصیبات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یمنی مسلح افواج، اپنی وفادار قیادت کی ہدایت پر اور ان کے ساتھ تمام آزاد، قابل فخر، ثابت قدم اور جدوجہد کرنے والے یمنی عوام، غزہ میں اپنے بھائیوں کی حمایت میں اپنی کارروائیوں سے باز نہیں آئیں گے، خواہ کچھ بھی نتائج ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یمن کے خلاف اسرائیلی جارحیت تمام قوم سے تقاضا کرتی ہے کہ وہ فلسطینی کاز کی حمایت، اسرائیلی جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے اور غزہ کے مظلوموں کے خون کی فتح کے لیے سنجیدہ اقدام کریں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ عظیم یمنی عوام اپنی قیادت اور مسلح افواج کے ساتھ خدا کی مدد سے اس چیلنج پر قابو پالیں گے، جس طرح انہوں نے گذشتہ برسوں کے دوران چیلنجوں پر قابو پایا ہے۔