یہودی عالم کے ساتھ امیرالمؤمنین علیہ السلام کا مناظرہ
فاران: خلیفۂ اول کے زمانے میں ایک یہودی دانشور ان کے پاس حاضر ہؤا اور کہا کیا آپ پیغمبر اسلام کے خلیفہ ہیں؟
کہا: ہاں
یہودی بولا: ہم نے توریت میں پڑھا تھا کہ پیغمبروں کے جانشین ان کے تمام پیروکاروں سے زیادہ عالم و دانا ہیں، آپ فرمایئے کہ خدا کہاں ہے، زمین میں ہے یا آسمان پر؟
خلیفہ: خدا آسمان میں اور عرش پر ہے۔
یہودی عالم: تو یوں زمین خدا سے خالی ہے، اور خدا ایک جگہ پر ہے اور ایک جگہ موجود نہیں ہے؟
خلیفہ: یہ تو بے دین لوگوں کی باتیں ہیں، ایک دیندار شخص ایسی بات نہیں کرتا، دفع ہوجاؤ ورنہ میں تمہیں مار ڈالوں گا!
یہودی عالم، حیران ہوکر اٹھا اور اسلام کا مذاق اڑاتا ہؤا خلیفہ کے پاس سے واپس چلا گیا۔ راستے میں اس کا سامنا امیرالمؤمنین (علیہ السلام) سے ہؤا۔
امیرالمؤمنین(ع) کا جواب:
میں جانتا ہوں کہ تم نے خلیفہ سے کیا پوچھا اور انھوں نے تمہیں کیا جواب دیا لیکن جان لو کہ ہمارا ایمان ہے کہ خدائے متعال نے مقام و مکان اور جگہ کو وجود سے نوازا ہے، چنانچہ وہ لا مکان ہے اور اس سے کہیں بالا و برتر ہے کہ اس کے لئے کسی مقام اور جگہ کا تعین کیا جا سکے، اور اس سے کہیں بالا و برتر ہے کہ کوئی مقام اور کوئی جگہ اسے اپنے اندر سمو دے؛ لیکن اس کے باوجود خدا ہر جگہ ہے، بغیر اس کے کہ کسی چیز سے ربط و اتصال پیدا کرے، یا کسی چیز کے پاس قرار پائے، اور علمی لحاظ سے تمام جگہوں پر احاطہ رکھتا ہے اور موجودات میں سے کوئی بھی اس کی تدبیر و انتظام سے خالی نہیں ہے۔
اگر میں تمہاری اپنی کتاب سے کچھ نقل کروں جو میرے عقائد کی تصدیق کرے تو کیا تم مسلمان ہو جاؤ گے؟
یہودی عالم نے کہا: جی ہاں!
امیرالمؤمنین (علیہ السلام): کیا تمہاری مذہبی کتاب میں نقل نہیں ہؤا ہے کہ موسیٰ بن عمران (علیہ السلام) ایک روز بیٹھے تھے کہ اچانک مشرق سے ایک فرشتہ آیا۔ موسیؑ نے پوچھا: کہاں سے آئے ہو؟
فرشتے نے کہا: میں خدا کی طرف سے آیا ہوں۔
دوسرا فرشتہ مغرب سے آیا، اور موسیؑ نے پوچھا کہاں سے آئے ہو تو اس نے بھی کہا کہ “میں خدا کی طرف سے آیا ہوں”۔
تیسرا فرشتہ آیا اور موسیؑ نے پوچھا کہاں سے آئے ہو؟ بولا: میں ساتویں زمین سے آیا ہوں اور خدا کی طرف سے آیا ہوں۔
موسیؑ نے یہ سب منظر دیکھا تو حیرت سے کہا: پاک و منزہ ہے وہ خدا جس سے کوئی جگہ خالی نہیں ہے، اور کسی جگہ پر بھی دوسری جگہ سے قریب تر نہیں ہے۔
داستان سن کر یہودی عالم نے کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ جو کچھ آپ نے کہا وہ بالکل صحیح ہے، اور آپ اپنے پیغمبر کی جانشینی کی زیادہ اہلیت رکھتے ہیں۔ (1)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1۔ الاحتجاج ، احمد بن علی الطبرسى، ج2، ص313۔
تبصرہ کریں