اسرائیلی فوج نے غرب اردن میں چار فلسطینی نوجوانوں کو ابدی نیند سلا دیا

اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کے بعد بیت عنان ہی کے علاقے خلہ العین کا محاصرہ کر کے شدید فائرنگ کی اور راکٹ برسائے۔

فاران؛ مقبوضہ فلسطین سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز علی الصباح مغربی کنارے کے شہر رام اللہ اور جنین کے قریب اسرائیلی فوج نے مغربی القدس کے بیت عنان زرعی قصبے میں ایک مکان کو نشانہ بنایا۔

تفیصلات کے مطابق اس کارروائی کے دوران گھر میں موجود دو افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کے بعد بیت عنان ہی کے علاقے خلہ العین کا محاصرہ کر کے شدید فائرنگ کی اور راکٹ برسائے۔

پرتشدد جھڑپیں

ادھر اتوار ہی کے روز مغربی جنین کی برقین میونسپلٹی میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شخص شہید ہو گیا۔ نماز فجر کے بعد اسرائیلی فوج نے میونسپلٹی میں واقع ایک مکان کا محاصرا کر لیا، جس کے بعد وہاں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے نوجوان احتجاجی مظاہرین پر براہ راست فائر کھول دیا جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔

فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ مسلح نوجوانوں کے ایک جھتے نے برقین میونسپلٹی پر اسرائیلی فوج کے حملے کے وقت ان پر فائرنگ بھی کی۔

جنین کے ’’ابن سینا‘‘ ہسپتال ذرائع نے بعد ازاں ان جھڑپوں میں زخمی ہونے والے 22 سالہ اسامہ یاسر نامی نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی بیت لحم کی بیت فجار میونسپلٹی سے تین نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔