اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں جبل ابو صبیح کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان چل بسا۔

فاران: قابض فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جبل ابو صبیح کے مقام پر جھڑپیں ہوئیں۔ قابض فوج نے اس موقعے پر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی، فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور زخمی ہونے والوں کو ایمبولینسوں کی مدد سے اسپتال لے جانے سے روکا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں پر دھاتی گولیوں کی فائرنگ کی۔

جمعہ کے اجتماعات کے بعد جبل ابو صبیح میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور بیتا کے مقام پر فلسطینیوں کو زدو کوب کیا۔

جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین عبدالغنی دویکات نے فلسطینی شہریوں پر قابض دشمن کے خلاف جہاد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بیتا میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی نوجوان دم توڑ گیا۔