اسرائیل کے مزید 12 فوجی زخمی، طوفان الاقصی میں اب تک کتنے اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے؟

صیہونی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک چھے سو باسٹھ صیہونی فوجی افسران ہلاک ہوچکے ہیں ۔

فاران: صیہونی حکومت کی فوج نے ایک بیان جاری کرکے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں اس کے بارہ فوجی زخمی ہوئے ہیں ۔ اس بیان کے مطابق جنگ غزہ کے آغاز سے تین ہزار آٹھ سو ساٹھ صیہونی فوجی زخمی ہوچکے ہیں اور ان میں سے ایک ہزار نو سو سینتالیس زمینی حملہ شروع ہونے کے بعد فلسطینی مجاہدین کے حملے کا نشانہ بنے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق ان میں سے پانچ سو بیاسی صیہونی فوجی شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں ۔ صیہونی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک چھے سو باسٹھ صیہونی فوجی افسران ہلاک ہوچکے ہیں ۔

متعدد صیہونی ذرائع ابلاغ یہ بتا چکے ہیں کہ اسرائیلی فوج اپنے اہلکاروں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی خبریں بہت ہی سختی کے ساتھ سنسر کرتی ہے اور صحیح تعداد کبھی نہیں بتاتی۔ اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد ظاہر ہونے سے مقبوضہ فلسطین کے اندر سخت ردعمل ظاہر ہوگا۔

صیہونی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے صیہونی فوجیوں کے بارے میں صیہونی فوج جو اعدادوشمار جاری کرتی ہے اور جو اعدادوشمار اسپتالوں سے معلوم ہوتے ہیں، ان میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ اس سے پہلے صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے اعلان کیا تھا کہ صیہونی حکام نے اسپتالوں کے اعلی حکام کو حکم دیا تھا کہ ان کی ہماہنگی کے بغیر ہلاک اور زخمی ہونے والے صیہونی فوجیوں کی تعداد کا اعلان نہ کریں۔