امریکہ کا ایک ارب ڈالر اسرائیل کو زیادہ مضبوط نہیں بنا سکے گا: حماس

حماس کا کہنا ہے کہ صہیونیوں کو زیادہ محفوظ بنانے کے لیے ایک ارب امریکی ڈالر کی امداد بھی ان کے لیے کام نہیں آئے گی۔

فاران؛ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ ایئرڈیفنس سسٹم آئرن ڈوم کو جدید بنانے کے باوجود صہیونیوں کی حفاظت کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا کیونکہ ان کی تباہی کا وقت قریب ہے۔

حماس کے ترجمان “عبداللطیف قانو” نے کہا کہ آئرن ڈوم کے نظام کو پھر سے جدید بنانے کے لیے 1 بلین امریکی ڈالر، غاصب صیہونی حکومت کے لیے واشنگٹن کی کھلی حمایت کی عکاسی ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ فلسطینیوں سے دشمنی میں کس حد تک چلے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امداد صیہونی حکومت کو فلسطینیوں کے حملوں سے محفوظ نہیں رکھ پائے گی۔ ساتھ ہی حماس نے فلسطین کی خود مختار حکومت سے کہا ہے کہ وہ امریکیوں سے زیادہ توقعات نہ رکھے اور غاصب صہیونی حکومت کے حوالے سے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے۔

یاد رہے کہ غزہ کی جنگ میں ذلت آمیز شکست کے بعد ، غاصب صہیونی حکومت نے آئرن ڈوم ڈیفنس سسٹم کو جدید بنانے کے لیے امریکہ سے ایک ارب ڈالر کا ہنگامی امداد طلب کی ہے۔ امریکا کے زیادہ تر قانون سازوں نے جمعرات کو اسرائیل کے آئرن ڈوم سسٹم کے لیے ایک بلین ڈالر مدد کی تجویز متفقہ طور پر منظور کی۔