امریکہ کے لئے پیغام

اسرائیل فلسطین تنازعہ کو بھی بڑی حد تک نظر انداز کیا گیا، یہاں تک کہ اسرائیل کی آبادکاری کی پالیسی روز بروز ایک "دو ریاستی حل" کے امکان کو ختم کر رہی تھی، جس پر امریکہ باضابطہ طور پر عمل پیرا ہے۔

فاران: کوئنسی انسٹی ٹیوٹ میں یوریشیا پروگرام کے ڈائریکٹر اناتول لیون لکھتے ہیں: “اسرائیل اور غزہ کے موجودہ المیے نے ایک بار پھر ایک سچائی کو ظاہر کر دیا ہے کہ حکومتیں اپنے خارجہ اور سلامتی کے امور کو منظم کرنے کے لیے تفصیلی منصوبے بناتی ہیں، لیکن پھر اچانک اپنے آپ کو غیر متوقع واقعات کا جواب دینے کے لیے غیر متوقع چیلنجوں سے دوچار محسوس کرتی ہیں، تاہم حماس کا اسرائیل پر حملہ یا یوکرین پر روس کے حملے جیسے واقعات کہیں سے سامنے نہیں آئے۔ یہ انسانی فیصلوں کی پیداوار ہیں اور اگر کوئی خود ان فیصلوں کی تفصیلات کا اندازہ نہیں لگا سکتا تو ان حالات کا مطالعہ کرسکتا ہے، جنہوں نے ان کو پیدا کیا۔ اسی کام کے لئے انٹیلی جنس تجزیہ کاروں، غیر ملکی سروس کے اہلکاروں اور “ماہرین” کی فوج رکھی جاتی ہے۔”

مغربی پالیسی سازوں کے لیے موجودہ دہشت گردی کا پہلا سبق یہ ہے کہ وہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ کے دشمن کی بھی ایک رائے ہے اور وہ یہ کہ امریکہ کا اپنا طرز عمل ہی ہے، جو دشمن کے اقدامات کو تشکیل دیتا ہے۔ دوسرا سبق یہ ہے کہ دنیا کے بعض حصے دوسروں کے مقابلے میں زیادہ تباہی کا شکار ہیں۔ تیسرا، امریکہ دنیا کے جتنے زیادہ حصوں میں ملوث ہوگا، اتنا ہی وہ ان واقعات سے بے نقاب ہوگا۔ آخری سبق یہ ہے کہ دنیا کے کسی نہ کسی ایک حصے میں امریکہ کے مخالفین امریکہ کی مشکلات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ دوسرے لفظوں میں امریکہ کی دنیا کے چاروں کونوں میں بالادستی کی جستجو اس بات کی ضمانت ہے کہ جلد یا بدیر امریکہ کو بیک وقت کئی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی ڈپلومیسی کی رپورٹ کے مطابق کوئنسی تھنک ٹینک کے تجزیے کے تسلسل میں کہا گیا ہے کہ جو بائیڈن حکومت اقتدار میں آنے کے بعد سے دو بار پیچیدہ اور خطرناک بین الاقوامی بحرانوں کو نظر انداز کرنے اور دوسرے معاملات کی طرف بڑھنے کی کوشش کرچکی ہے۔ ایک یورپی اہلکار کے الفاظ میں، “امریکہ نے سوچا کہ وہ خالی کین کے ڈبے کو ایک طرف گولی مار رہے ہیں لیکن انہیں بعد میں احساس ہوا کہ یہ دستی بم تھے۔” 2021ء کے موسم بہار میں، امریکی حکام نجی طور پر اعلان کر رہے تھے کہ مشرقی یوکرین میں تنازعہ کو حل کرنے کے لیے منسک معاہدہ (یوکرین کے اندر ڈان باس کی خودمختاری کی ضمانت) ختم ہوچکا ہے۔ تاہم، انہیں اس بات کا کوئی اندازہ نہیں تھا کہ یوکرین کو مسلح کرنے اور یوکرین کی حمایت اور غیر معینہ مدت کے لیے نیٹو میں اس کی رکنیت پر اصرار کرنے کے علاوہ اسے کس چیز سے بدلنا ہے۔

امریکی انتظامیہ کی امید یہ تھی کہ روس یوکرین مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے اور زیادہ طاقتور مخالف چین کا مقابلہ کرنے پر توجہ مرکوز کی جا سکتی ہے۔ لیکن جب ماسکو نے واضح کیا کہ امریکہ اس صورتحال سے نمٹ نہیں سکتا تو امریکی انتظامیہ کے پاس یوکرین کے ساتھ مکمل وابستگی یا روس کے ساتھ سفارتی سمجھوتہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی امریکہ کے مطالبات کی وجہ سے روک دی گئی تھی، ایسے مطالبات جو تہران کی طرف سے واضح طور پر قبول نہیں کیے گئے تھے، یہ خیال تھا کہ تہران اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ امریکہ یا اسرائیل کو شدید نقصان پہنچا سکے۔

اسرائیل فلسطین تنازعہ کو بھی بڑی حد تک نظر انداز کیا گیا، یہاں تک کہ اسرائیل کی آبادکاری کی پالیسی روز بروز ایک “دو ریاستی حل” کے امکان کو ختم کر رہی تھی، جس پر امریکہ باضابطہ طور پر عمل پیرا ہے۔ اس کے بجائے، جو بائیڈن انتظامیہ نے وہی راستہ اختیار کیا، جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے ان دونوں مسائل کو روکنے کے لیے اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان عملی اتحاد کو فروغ دے کر اپنایا تھا۔ اس کا مقصد دو فوری مقاصد کا حصول تھا، ایک طرف ایران کو محدود کرنا اور دوسری طرف فلسطینیوں کو مکمل طور پر الگ تھلگ کرنا تھا۔

البتہ حماس اس امریکی ڈیزائن کو اچھی طرح دیکھ رہی تھی، اس کا نتیجہ ایک نیا تباہ کن تنازعہ بنا، جس نے دیگر مسائل کے علاوہ، سعودی اسرائیل تعلقات کے معمول پر آنے کی کسی بھی امید کو ختم کر دیا اور مشرق وسطیٰ میں ممکنہ طور پر امریکی اتحادی ممالک کے غیر مستحکم ہونے کے امکانات بڑھ گئے۔ دنیا کے تمام حصوں میں برتری حاصل کرنے کی امریکی خواہش کے بعد اسے یہ یقین پیدا کر لینا چاہیئے کہ اسے دنیا کے تمام حصوں میں خطرات اور بحرانوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور اگر وہ ان کا جواب دینے کے لیے ضروری وسائل بھی اکٹھا کر لے، تو اس کا امکان بہت کم ہے کہ امریکی عوام اس لامحدود معاشی قربانی دینے کے لیے ضروری آمادگی رکھتے ہوں۔