شہید قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد خطے کے بدلتے حالات اور خون شہادت کی تاثیر (تیسرا حصہ)

داعش کو ختم کرنے کا خراج

شہید قاسم سلیمانی سے وہ لوگ انتقام لیں جنکی سیاست کی تکمیل کے لئے یہ شخصیت ایک بڑی رکاوٹ بن گئی تھی، آپکی جنگی حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کا ہر ایک معترف تھا سخت سے سخت مرحلہ میں آپ اپنی عسکری حکمت عملی سے پاسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

فاران تجزیاتی ویب سائٹ: گزشتہ سے پیوستہ
کسی نے بڑی اچھی بات کی کہ سردار قاسم سلیمانی کو اس لئے شہید کیا گیا کہ انہوں نے عراق کو داعش سے بچایا تھا وہ داعش جسے وجود بخشنے میں سامراج نے زبردست گٹھ جوڑ کی تھی اور ۹۰ ممالک سے لوگوں کو لا کر لاکھوں ڈالر خرچ کئے تھے تاکہ اسلام کا ایک کریہہ چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر کے اپنے مفادات کو حاصل کیا جا سکے لیکن شہید قاسم سلیمانی نے سامراج کے منصوبے پر داعش کو شکست دے کر پانی پھیر دیا یہی چیز اس بات کا سبب بنی کہ شہید قاسم سلیمانی سے وہ لوگ انتقام لیں جنکی سیاست کی تکمیل کے لئے یہ شخصیت ایک بڑی رکاوٹ بن گئی تھی، آپکی جنگی حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کا ہر ایک معترف تھا سخت سے سخت مرحلہ میں آپ اپنی عسکری حکمت عملی سے پاسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے تھے یہی وجہ ہے کہ عراق ہو یا شام یا پھر یمن اور لبنان ہر جگہ مزاحمتی محاذ آپ کو ایک ایسے کمانڈر کے طور پر دیکھتا تھا جسکی سربراہی میں وہ ہر دشمن سے ٹکر لے سکتا ہے اور اسلامی و حق پسند مزاج رکھنے والے افراد ملک و سرحد سے ماوراء آپ کے نام پر متفق نظر آتے تھے یہ وہ دوسری چیز تھی جو دشمن کی آنکھ کا کانٹا تھی دشمن دیکھ رہا تھا کہ کس طرح ہم پھوٹ ڈالو اور حکومت کرو کی پالیسی اختیار کر کے لاکھوں ڈالر خرچ کر کے اپنے اہداف کو حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ ایک فرد ہر جگہ ہمارے منصوبوں پر پانی پھیر دیتا ہے، آپ عراق کے گزشتہ ماہ اور اس سے پہلے کے حالات دیکھ لیں کہ کس طرح ایک انتشار کی کیفیت تھی اور دشمن کس حد تک کامیاب ہو رہا تھا ایسے میں دشمن کے منصوبوں کی ناکامی اس وقت دکھی جب مختلف دھڑوں میں بنٹ جانے اور الگ الگ آوازیں نکالنے والوں کو شہید قاسم سلیمانی پر متحد دیکھا گیا اور دشمن نہیں چاہتا تھا کہ کوئی ایک مقام ایسا ہو جہاں سے سب کو ایک ڈوری میں پرویا جا سکتا ہو اور سب متحد ہو سکیں اس لئے کہ اتحاد کا مطلب دشمن کی تباہی اور اسکے مفادات پر کاری ضرب اسے پتہ تھا کہ ہم حکومت اسی وقت تک کر سکتے ہیں جب تک یہ لوگ آپس میں لڑتے رہیں گے جب تک یہ لڑتے رہیں گے ہم انہیں لوٹ سکتے ہیں لیکن جب یہ ایک ہو گئے تو یہ ہمارے بارے میں سوچنا شروع کر دیں گے کہ ہماری سرزمین پربیرونی فورسز کا کیا مطلب ہے؟

 

جاری۔۔۔