غزہ پر صیہونی فوجیوں کی بمباری جاری، درجنوں فلسطینی شہری شہید اور زخمی

غزہ کے جبالیا کیمپ پر صیہونی فوجیوں کی بمباری میں درجنوں فلسطینی شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے-

فاران: غزہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ سنیچر کو بھی جاری رہا۔ اس رپورٹ کے مطابق غزہ کے جبالیا کیمپ کی ایک رہائشی عمارت پر صیہونی حکومت کی تازہ بمباری میں کم سے کم پندرہ فلسطینی شہید اور تیس دیگر زخمی ہوگئے۔

اس رپورٹ کے مطابق جبالیا کیمپ پر تازہ بمباری میں شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینی، پناہ گزیں تھے جو اپنے گھروں کو واپس جانے کی تیاری کررہے تھے ۔ اس بمباری میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کے شمالی، مرکزی اور جنوبی علاقوں پر کل رات سے ہی وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ان حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آسکی ہیں۔