اسرائیلی ریاستی دھشتگردی میں ایک اور فلسطینی نوجوان شہید

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے ایک نہتے فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔

فاران: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے ایک نہتے فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ یہ واقعہ منگل کے روز جنوبی بیت لحم میں خضر کے مقام پر پیش آیا۔

فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ الخضر کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان کی شناخت محمد شحادہ کے نام سے کی گئی ہے۔

وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے الخضر پر دھاوے کے دوران فلسطینیوں پر براہ راست گولیاں چلائیں، آنسوگیس کی شیلنگ کی اور صوتی بموں سے نشانہ بنایا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ فلسطینیوں نے گولی لگنے کے بعد شدید زخمی فلسطینی کو اٹھانے کی کوشش کی مگر قابض فوج نے ہلال احمر کے عملے اور شہریوں کو اس کے قریب جانے سے روک دیا اور کہا کہ زخمی کے قریب جانے والے کو گولی مار دی جائے گی۔