اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن،42 فلسطینی گرفتار

فلسطینی امور اسیران کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج نے غرب اردن اور القدس میں گھر گھر تلاشی کے دوران 42 افراد کو حراست میں لے لیا۔

فاران: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں کل جمعرات کو اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی مہم کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے رہ نماؤں، ارکان اسمبلی اور دیگر سرکردہ شہریوں سمیت 42 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

فلسطینی امور اسیران کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج نے غرب اردن اور القدس میں گھر گھر تلاشی کے دوران 42 افراد کو حراست میں لے لیا۔ تلاشی کی کارروائیوں میں گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔

رام اللہ میں تلاشی کے دوران 10 فلسطینیوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مشرقی رام اللہ میں سلواد کے مقام سے 6 فلسطینی، سابق اسیر اور شہید انس کے والد بسام حماد، فرید النجار، قاسم ریاض، لوئی فارس، عبدالرحمان حبش اور محمد حبش کو گرفتار کیا گیا۔

یبرو کے مقام پر تلاشی کے دوران راید حامد، سالم قطش، بیت ریما سے سابق اسیران عبدالرحمان الریماوی اور سام الاسمر کو گرفتارکیا۔

غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے 9 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن خلیل ربعی بھی شامل ہیں۔ بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا۔گرفتار کیے گئے دیگر فلسطینیوں میں ناصر ربعی، فضل جبارین، جبرایل العمور، فادی العمور، محمد العمور، سامر دبابسہ، یحییٰ ابو صبحہ اور زکریا ابو فنار شامل ہیں۔