اسماعیل ہنیہ نے ملابرادر کو امریکہ کی شکست پر مبارک باد پیش کی

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے تحریک طالبان کے سیاسی شعبے کے انچارج ملا عبدالغنی برادر کو ٹیلیفون کرکے انہیں امریکا کو شکست فاش دینے کی مبارک باد پیش کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حماس رہنما نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پر قابض امریکی فوج کے تسلط کا خاتمہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہر ظالم طاقت کے مقدر میں زوال ہے۔ افغانستان میں امریکی شکست ارض فلسطین پر قابض صہیونی ریاست کے زوال کا ذریعہ ثابت ہوگی۔

اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ حماس اور پوری فلسطینی قوم کو افغانستان میں امریکی استبداد کی شکست اور طالبان کی فتح کی خوشی ہے۔ حماس اور فلسطینی قوم افغانستان کی ترقی، خوش حالی اور استحکام کی خواہاں ہے۔ انہوں نے طالبان کی سیاسی اور ابلاغی خدمات کو بھی سراہا۔

دوسری جانب تحریک طالبان کے پولیٹ بیورو کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر نے اسماعیل ھنیہ کی طرف سے تہنیتی پیغام پران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مظلوم فلسطینی قوم کی جابر اور قابض صہیونی دشمن کے پنجہ استبداد سے آزادی کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب ہمارا قبلہ اول اور مقبوضہ بیت المقدس بھی آزادی کی فضاؤں میں سانس لیں گے۔