اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیل کے خلاف ایک اور قرارداد کی منظوری

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 137 ووٹوں کی واضح اکثریت کے ساتھ اسرائیل کے خلاف ایک قرارداد منظور کر لی۔

فاران: تسنیم نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی امور کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 137 ووٹوں کے ساتھ اسرائیل کے خلاف ایک قرارداد منظور کی ہے۔

اس قرارداد میں دی ہیگ کی بین الاقوامی عدالت انصاف سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) کے خلاف اسرائیل کی قانون سازی پر اپنی مشاورتی رائے پیش کرے۔

اقوام متحدہ کا یہ فیصلہ، مقبوضہ علاقوں میں اونروا کی سرگرمیوں پر پابندی کے حوالے سے اسرائیل کے لیے ایک اور قانونی چیلنج کا آغاز ظاہر کرتا ہے۔

اگرچہ بظاہر یہ مشاورتی رائے لازمی نہیں ہے، لیکن مستقبل میں اس سے اسرائیل کے خلاف پابندیوں اور سخت اقدامات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ نومبر میں رسمی طور پر اونروا سے تعلقات منقطع کر لیے تھے اور مقبوضہ علاقوں میں اس بین الاقوامی ادارے کی سرگرمیوں کو ممنوع قرار دیا تھا۔

منگل کے روز بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 172 ووٹوں کی اکثریت کے ساتھ ایک قرارداد منظور کی، جس میں فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی توثیق کی گئی۔