انصاراللہ کے عہدیدار: اگر اسرائیل دوبارہ کشیدگی پیدا کرتا ہے تو وہ یمن کے بارود کی زد میں ہو گا

اسرائیلی ذرائع کی جانب سے غزہ میں جنگ کے دوبارہ شروع ہونے کے امکان کی خبر کے آنے کے ساتھ ہی یمنی تنظیم انصار اللہ کے نائب سربراہ نصرالدین عامر نے آج (پیر) کو تاکید کی کہ تمام یمنی مسلح افواج اسرائیل کو جواب دینے کے لیے چوکس ہیں۔

فاران: اسرائیلی ذرائع کی جانب سے غزہ میں جنگ کے دوبارہ شروع ہونے کے امکان کی خبر کے آنے کے ساتھ ہی یمنی تنظیم انصار اللہ کے نائب سربراہ نصرالدین عامر نے آج (پیر) کو تاکید کی کہ تمام یمنی مسلح افواج اسرائیل کو جواب دینے کے لیے چوکس ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی انٹرنیشنل گروپ؛ نصرالدین عامر نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں یمن کی انصار اللہ تحریک کے سربراہ سید عبدالمالک بدر الدین الحوثی کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیا اور کہا کہ اگر اسرائیل نے غزہ پر دوبارہ حملہ کیا تو پورا اسرائیل یمنی مسلح افواج کی زد میں آ جائے گا۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے گزشتہ روز ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کو داخل ہونے سے روکے گا اور غزہ جنگ بندی معاہدے کی شقوں کے برعکس جنگ بندی جاری نہیں رہنے دے گا۔
یہ بیان حماس کی جانب سے جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں مزید اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لیے اسرائیل کے نئے اقدامات کی مزاحمت کے بعد سامنے آیا ہے۔
نصرالدین عامر نے اس بات پر زور دیا کہ یمنی مسلح افواج مکمل چوکس ہیں اور وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے بالخصوص غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی تمام نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انصار اللہ کے اس عہدیدار نے غزہ میں کسی بھی قسم کی کشیدگی کے بارے میں تحریک کے سربراہ کی وارننگ کا حوالہ دیا اور کہا کہ سید عبدالملک بدر الدین الحوثی کا پیغام خود واضح اور فصیح تھا۔