جنوبی افریقہ اسرائیل کے نسل پرستانہ اقدامات کے خلاف براہ راست کارروائی کرے گا

جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ نے فلسطین پر قبضے اور فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستانہ رویئے کی وجہ سے اسرائیلی رژیم کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

فاران:  فارس نیوز کے بین الاقوامی ڈیسک کے مطابق جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ “نالیدی باندور” نے پارلیمینٹ سے خطاب کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے فلسطینیوں پر ظلم اور نسل پرستی کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ عربی ویب سائٹ 21 کے مطابق، باندور کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ جنوبی افریقہ کی حکومت جلد ہی اسرائیل کے نسل پرستانہ اقدامات اور پالیسیوں کے خلاف براہ راست کارروائی کرے گی۔

انہوں نے قابض اسرائیلی حکومت کی افریقی یونین میں ناظر رکن کے طور پر شمولیت کی اپنی حکومت کی طرف سے مخالفت پر تاکید ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات ہیں، لیکن یہ اس قابض اور استعماری حکومت کی افریقی یونین میں شمولیت کی دلیل نہیں بن سکتے۔ یاد رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی حال ہی میں اپنی ایک رپورٹ میں اسرائیل کی نسل پرستانہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ رژیم اپنے قیام ،یعنی 1948ء سے لے کر اب تک ایک آپارتھائید اور نسل پرست حکومت ہی رہی ہے۔